لاہور : سونے کی قیمت میں ملکی تاریخ کی سب سے بڑی یومیہ کمی، 10 ہزار روپے سے زائد کمی سے سونے کی فی تولہ قیمت سوا 2 لاکھ روپے کی سطح سے نیچے آ گئی۔ تفصیلات کے مطابق صرف 2 دنوں میں پاکستان کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت دیکھتے ہی دیکھتے زمین بوس ہو گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی اور پاکستان کی اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت کریش ہونے سے ملک میں بدھ کے روز سونے کی قیمت میں ملکی تاریخ کی سب سے بڑی یومیہ کمی ہوئی۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 5 ڈالر کمی کے ساتھ 1926 ڈالر ہوگئی جبکہ پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 10 ہزار 500 روپے اور فی 10 گرام سونے کی قیمت میں 9 ہزار 2 روپے کی ریکارڈ کمی واقع ہوئی۔ قیمتوں میں بڑی کمی کے باعث مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونے کی قیمت سوا 2 لاکھ روپے کی سطح سے نیچے آ گئی، فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 22 ہزار 300 روپے ہوگئی جبکہ فی دس گرام سونے کی قیمت ایک لاکھ 90 ہزار 586 روپے ہوگئی۔