Sunday May 5, 2024

عوام پر ایک اور پٹرول بم گرائے جانے کا امکان قیمتوں میں 22 روپے تک اضافہ۔ ۔ ۔

لاہور : عوام پر ایک اور پٹرول بم گرائے جانے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق رواں ماہ کی 16 تاریخ سے پٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی ہونے کا عندیہ دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ایکسپریس ٹریبون کی رپورٹ کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 300 روپے کی سطح کے قریب پہنچ جائیں گی۔ 16 اگست سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 22 روپے تک اضافے کا امکان ہے۔ ڈیزل کی قیمت میں 22 روپے تک جبکہ پٹرول کی قیمت میں 13 روپے تک اضافے کا امکان ہے۔ بتایا گیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں بڑھنے کی وجہ سے پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی ہونے کا امکان ہے۔ عالمی مارکیٹ میں ریفائنڈ تیل کی قیمت 111 ڈالرز جبکہ پٹرول کی قیمت 97 ڈالرز کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

دوسری جانب پٹرولیم مصنوعات مہنگی کیے جانے کے حوالے سے اہم انکشافات ہوئے ہیں۔ دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق اوگرا کی جانب سے حکومت کو پٹرولیم مصنوعات 10 روپے مہنگی کرنے یا قیمتوں کو برقرار رکھنے کی تجاویز دی گئی تھیں، تاہم وزارت خزانہ نے ناصرف اوگرا کی تجاویز مسترد کیں، بلکہ حیران کن طور پر قیمتوں میں 20 روپے تک کا اضافہ کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے اب ایک لیٹر پٹرول پر 100 روپے سے بھی زائد ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے۔ حکومت نے عالمی منڈیوں سے 85 ڈالر فی بیرل کے حساب سے تیل خریدا، بین الاقوامی ٹیکس اور سرچارج شامل کر کے تیل کی قیمت 92 ڈالر 82 سینٹ فی بیرل بنتی ہے، پٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 166 روپے 37 پیسے فی لٹر بنتی ہے۔ تمام تر ٹیکسز عائد کرنے کے بعد بھی پٹرول کی قیمت 260 روپے فی لٹر بنتی تھی، تاہم حکومت نے پٹرول پر کل 104 روپے ٹیکسز عائد کر کے قیمت 270 روپے کر دی۔

FOLLOW US