Monday January 20, 2025

رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ، عوام پریشان

لاہور:رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہو گیا ، پیاز دوسرے روز بھی مہنگا جبکہ ٹماٹر اور آلو بھی قوت خرید سے باہر ہونے لگے ۔ خریداروں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کنٹرول نہیں ہورہی، رمضان المبارک سے قبل ہی قیمتیں آسمان کو چھونے لگی ہیں ۔ مارکیٹ کمیٹی سبز منڈی کی جانب سے جاری کردہ سرکاری ریٹ لسٹ میں بھی 11 سبزیوں کے دام بڑھا دیئے گئے ۔پیاز 20 روپے مہنگے کرکے سرکاری ریٹ 130 روپے کلومقرر جبکہ مارکیٹ میں درجہ اول خشک پیاز 160 روپے کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔

لیموں چائنہ 5 روپے بڑھاکر سرکاری ریٹ 175 روپے کلو لیکن 200 روپے کلو تک بیچا جا رہا ہے۔موسمی سبزیوں میں ٹینڈے فارمی 7 روپے مہنگے ، سرکاری قیمت 60 روپے مقرر مگر 80 روپے کلو تک فروخت ہو رہے ہیں ۔ آلو کچا چھلکا 6 روپے مہنگے، سرکاری قیمت 54 روپے مقرر تاہم درجہ اول آلو 70 روپے فی کلو تک بک رہا ہے ۔ میتھی کی سرکاری قیمت 55 روپے مگر فروخت75 روپے فی کلو تک ہو رہی ہے۔بینگن 80 روپے فی کلو تک بیچا جا رہا ہے۔اسی طرح مارکیٹ میں کھیرا 70 روپے ، کریلے 150 روپے ، پھول گوبھی 80 روپے، بھنڈی 260 روپے اور مٹر 140 روپے فی کلو بیچا جا رہا ہے ۔ دوسری جانب رمضان المبارک میں پھل اس قدر مہنگے ہیں کہ غریب کی دسترس سے باہر ہو چکے ہیں ، 7 پھلوں کے دام سرکاری ریٹ لسٹ میں بھی بڑھا دیئے گئے، اس کے باوجود پھل سرکاری نرخوں کے برعکس مہنگے داموں فروخت کیے جا رہے ہیں۔سیب کالاکولو 10 روپے مہنگے کرکے سرکاری قیمت 310 روپے کلو مقرر تاہم درجہ اول سیب 430 کلو تک فروخت ہو رہا ہے ، کیلا درجہ اول 5 روپے بڑھا کر سرکاری ریٹ 170 روپے درجن مقرر مگر 330 روپے فی درجن بیچا جا رہا ہے،

کیلا درجہ دوم 5 روپے مہنگا کرکے سرکاری قیمت 140 روپے ہے مگر 230 روپے فی درجن فروخت ہو رہا ہے ۔کھجورایرانی کی 5 روپے اضافے سے سرکاری قیمت 480 روپے مقرر مگر اوپن مارکیٹ میں 580 روپے کلو تک بیچی جا رہی ہے۔ مسمی 350 روپے درجن تک مل رہی ہے، انار بدانہ 10 روپے بڑھا کرکے سرکاری ریٹ 670روپے کلو مقررتاہم مارکیٹ میں 850 روپے کلو تک بیچا جا رہا ہے ۔ امرود کا سرکاری ریٹ 140 روپے تاہم مارکیٹ میں قیمت 200 روپے کلو تک ہے

FOLLOW US