اسلام آباد : حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف اشیاء کی قیمتوں میں کمی کردی ،دالوں کی قیمت 15 سے 30 روپے فی کلو، برانڈکوکنگ آئل17روپے اور گھی کی قیمت 31روپے فی کلو کم کردی گئی ہے۔ اے آروائی نیوز کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف اشیاء کی قیمتوں میں کمی کردی گئی ہے، اشیاء سستی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ مختلف دالوں کی قیمتوں میں 15سے 30روپے تک فی کلو کمی کی گئی ہے۔ دال چنا کی قیمت 15روپے فی کلو کمی کے بعد 230 فی کلو ہوگئی ہے، دال مسور 15روپے کمی کے بعد 295 فی کلو ہوگئی ہے،
سفید چنے 15روپے کمی کے بعد 305 روپے فی کلو ،دال مونگ 15روپے کمی کے بعد 245روپے اوردال ماش کی قیمت 30روپے کمی کے بعد380 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔ ثابت دال مسور کی قیمت 20روپے کمی کے بعد 290 روپے فی کلو اور کالے چنے کی قیمت 15روپے کمی کے بعد 220 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔ اسی طرح نوٹیفکیشن کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف برانڈ کے گھی کی قیمت میں 31روپے فی کلو کمی ہوگئی ہے۔یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف برانڈ کے کوکنگ آئل کی قیمت میں 17روپے فی لیٹر کمی ہوگئی ہے۔ مزید برآں ملک بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف برانڈز کی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ بھی کیا گیا ہے، نوٹی فکیشن کے مطابق ایک لیٹر دودھ کی قیمت میں 20 روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے،
جس کے بعد ایک لیٹر دودھ کی قیمت 197 سے بڑھ کر 217 روپے ہو گئی جب کہ 450 گرام چائے کی قیمت 240 روپے تک مہنگی ہو گئی اور 450 گرام چائے کی قیمت 508 سے بڑھ کر 748 روپے کردی گئی۔ اسی طرح یوٹیلیٹی اسٹورز پر 100 ٹی بیگ پیک 282 روپے تک مہنگا کیا گیا ہے، جس کے بعد ٹی بیگ پیک کی قیمت 298 سے بڑھ کر 580 روپے ہو گئی جب کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر 50 گرام پشاوری قہوہ 45 روپے تک مہنگا ہونے کے بعد 108 روپے سے بڑھ کر 153 روپے میں فروخت ہو گا۔