لاہور:مطالبات کی عدم منظوری کے باعث پاکستان میں آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے ملک گیر ہڑتال کر دی ہے۔ ہڑتال کے باعث ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی ترسیل معطل ہے اور ملک میں ایک بار پھر پٹرول بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حکومت سے مطالبات کی منظوری کیلئے ملاقات کا وقت مانگا تھا۔ حکومت نے مطالبات مانے نہ ہی ملنے کا وقت دیا۔ہڑتالیوں کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں کاروبار کرنے سے قاصر ہیں۔ انکم ٹیکس کی شرح 3 سے کم کر کے 2 فیصد کی جائے۔ انکم ٹیکس ودہولڈنگ ریٹ 3.5 سے2.5 فیصد کیا جائے۔مطالبہ ہے کہ انکم ٹیکس ود ہولڈنگ ایجنٹ ریٹ میں بھی ایک فیصد کمی کی جائے۔
آئل کمپنیوں کو 15 دن میں ادائیگی کا پابند کیا جائے۔ غیر قانونی لوڈنگ کی روک تھام یقینی بنائی جائے۔ٹینکرز کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ وائٹ آئل پائپ لائن شروع ہونے پر ٹینک لاری کو روڈ کا شئیر دیا جائے۔ کمرشل لوڈنگ روکنے کا اوگرا نوٹیفکیشن پر عمل کیا جائے۔جنرل سیکریٹری آئل ٹینکرزایسوسی ایشن نے ہم نیوز کو بتایا کہ اوگرا کی جانب سے کمرشل اورغیر قانونی لوڈنگ پر پابندی ہے، اس کے باوجود روکا نہیں جارہا۔دوسری جانب آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کی کال مسترد کرتے ہوئے سپلائی بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔