کراچی: رواں کاروباری ہفتے کے دوران سونے کی قیمت میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ رواں ہفتے کے تیسرے دن بھی مسلسل سونا مہنگا ہوا ہے۔ سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق آج فی تولہ سونے کی قیمت 800 روپے کے اضافے سے ایک لاکھ 10 ہزار 100 روپے ہوگئی ہے۔ گزشتہ تین روز کے دوران فی تولہ سونے کی قیمت مجموعی طور پر 2800 روپے بڑھی ہے۔ آج دس گرام سونا 686 روپے مہنگا ہو کر 94 ہزار 393 روپے کا ہوگیا۔ خیال رہے کہ پاکستان میں اب تک کی سونے کی بلند ترین سطح ایک لاکھ 32 ہزار روپے ہے جو اگست 2020 کے پہلے ہفتے میں ہوئی تھی۔ اس مہنگائی کی بڑی وجہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی ریکارڈ قیمت تھی۔ اگست 2020 میں بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونا 2054 ڈالر کا ہوگیا تھا تاہم آج اس کی قیمت 1785 ڈالر پر آچکی ہے۔