Thursday January 23, 2025

بھارتی صحافی نے پاکستان کو خطے میں سب سے سستا پٹرول فروخت کرنے والا ملک قرار دے دیا

اسلام آباد : بھارتی صحافی نے پاکستان کو خطے میں سب سے سستا پٹرول فروخت کرنے والا ملک قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی صحافی اشوک سوائن کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں جنوبی ایشیا کے مختلف ممالک میں پٹرول کی قیمت کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ بھارتی صحافی کی ٹوئٹ کے مطابق خطے میں اس وقت پاکستان سب سے سستا پٹرول فروخت کر رہا ہے۔ جو پٹرول پاکستان میں 110 روپے کا ملتا ہی، وہی پٹرول بھارت میں 205 روپے فی لیٹر کی قیمت میں فروخت ہو رہا ہے۔ بھارت جنوبی ایشیاء میں سب سے مہنگا پٹرول فروخت کرنے والا ملک ہے۔ واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے 2 روز قبل پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا تھا۔

حکومت نے پٹرول فی لیٹر 2 روپے 13 پیسے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل 2 روپے 3 پیسے جبکہ مٹی کا تیل 1 روپیہ 89 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 1 روپے 79 پیسے مہنگا کر دیا۔ اضافے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 110 روپے 69 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 112 روپے 55 پیسے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمے 79 روپے 68 پیسے، جبکہ مٹی کے تیل کی نئی قیمت 81 روپے 89 پیسے ہوگئی۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود پاکستان اب بھی خطے میں سب سے سستا پٹرول فروخت کر رہا ہے۔ یاد رہے کہ کچھ روز قبل وزیر خزانہ شوکت ترین کی جانب سے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، لیکن پاکستان میں حکومت نے ڈیڑھ ماہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھائیں۔
تاہم اب قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہو گیا ہے۔ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد اب پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانا پڑیں گی۔ یہ بھی یاد رہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 4 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، اسی باعث خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

FOLLOW US