Sunday January 19, 2025

چند روز قبل 600 روپے تک پہنچ جانے والی مرغی کے فی کلو گوشت کی قیمت اب 300 روپے کی سطح پر آگئی

لاہور: برائلر گوشت کی قیمت میں 50 فیصد کمی ہوگئی، چند روز قبل 600 روپے تک پہنچ جانے والی مرغی کے فی کلو گوشت کی قیمت اب 300 روپے کی سطح پر آگئی۔ تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کے اختتام اور عید الفطر کے بعد ملک کے بیشتر شہروں میں برائلر گوشت کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔ کئی شہروں میں فی کلو برائلر گوشت 500 روپے جبکہ کئی شہروں میں 600 روپے تک کی قیمت میں بھی دستیاب تھا۔ تاہم بعد ازاں عوام کی جانب سے قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی وجہ سے مرغی کے گوشت کے بائیکاٹ کی مہم چلانے کی دھمکی دی گئی، جبکہ یہ اطلاعات بھی سامنے آئیں کہ پولٹری فارمز میں ایک بیماری پھیل جانے کی وجہ سے مرغیوں کی موت واقع ہو رہی ہے۔ اب ان تمام عوامل کی وجہ سے ہی چند روز کے دوران برائلر گوشت کی قیمت میں 50 فیصد تک کمی آگئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ لاہور اور پنجاب کے بیشتر شہروں میں پرچون سطح پر برائلر گوشت کی قیمت313روپے کی سطح تک آگئی ہے، زندہ برائلر مرغی کی قیمت216روپے فی کلو ہے۔ جبکہ فارمی انڈے 152روپے فی درجن کی قیمت پر دستیاب ہیں۔ تاہم شہریوں کی رائے میں برائلر گوشت کی قیمت اب بھی بہت زیادہ اور ان کی پہنچ سے دور ہے۔ دوسری جانب مرغی کے گوشت کے ساتھ ساتھ مہنگائی کی مجموعی شرح میں بھی کمی ہوئی ہے۔ ادارہ شماریات نے ہفتہ وارمہنگائی کے اعدادوشمار جاری کیے ہیں، جس کے مطابق مہنگائی کی شرح میں 0.6 فیصد کمی ہوئی، 20 اشیائے ضروریہ مہنگی اور7 سستی ہوئیں۔ مہنگی ہونے والی اشیاء میں ٹماٹر، لہسن ، پیاز، آلو، گوشت، چینی اور چاول ودیگر چیزیں شامل ہیں۔ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 246 روپے 46 پیسے مہنگا ہوا۔ جس کے بعد گھریلو سلنڈر 1284.31روپے سے 1530.97 روپے کا ہوگیا ہے۔ لہسن 9 روپے 24 پیسے اور ٹماٹر 2 روپے 60 پیسے فی کلو مہنگے ہوئے۔ آلو ایک روپے9 پیسے، دال مسورایک روپے 21 پیسے، چینی 3 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔ چینی 98 روپے 54 پیسے سے 98 روپے 57 پیسے ہوگئی ہے۔بیف 3 روپے ایک پیسے اور دہی 67 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔ اسی طرح چکن 46 روپے 63 پیسے فی کلو سستا ہوا۔ چکن 231 روپے 69 پیسے فی کلو ہوگیا ہے۔ آٹا بھی سستا ہوگیا ہے۔ مزید برآں گزشتہ روز وفاقی ادارہ شماریات کی ماہانہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے پہلے 11ماہ جولائی سے جون میں مہنگائی کی شرح 8.83 فیصد ہوگئی ہے۔

شہروں میں یہ شرح 8 فیصد اور دیہاتوں میں 10.06 فیصد رہی۔ ماہانہ بنیادوں پر شہری علاقوں میں گندم کا آٹا 9.75 فیصد، گوشت 4.68 فیصد مہنگا ہوا ہے۔ ماہانہ بنیادوں پر انڈے، دالیں، صابن، ادویات، چکن 16.87 فیصد، پھل 10.54 فیصد مہنگے ہوئے۔ گزشتہ سال کی نسبت شہری علاقوں میں چکن 60 فیصد، انڈے 55 فیصد، گندم 30 فیصد، آٹے کے نرخ 28.54 فیصد بڑھ گئے۔ ایک سال میں مصالحہ جات 26.71 فیصد، گھی 22 فیصد مہنگا ہوا ہے۔ سالانہ بنیادوں پر چینی 21.62 فیصد، کوکنگ آئل کی قیمت 20.62 فیصد بڑھی ہے،ایک سال میں دودھ کی قیمت میں 15.41 فیصد گوشت 14.15 فیصد مہنگا ہوا۔ اسی طرح دیہی علاقوں میں ماہانہ بنیادوں پر چکن 22.56 فیصد، آلو 10.13 فیصد، پھل 7.16 فیصد، گوشت 5.92 فیصد، گندم کا آٹا 4.11 فیصد اور چینی 4.07 فیصد مہنگی ہوئی۔ گزشتہ ماہ کی نسبت ٹماٹر 46.38 فیصد، سبزیاں 27.02 فیصد، انڈے 11.71 ،پیاز 9.08 فیصد سستے ہوئی۔ دیہی علاقوں میں ایک سال میں چینی 21.67 فیصد، گوشت 18.33فیصد، چاول 11.93 فیصد مہنگے ہوئے۔ دیہی علاقوں میں ایک سال میں پیاز 34.37 فیصد، چکن 60.76 فیصد، انڈے 49.73 فیصد، آٹا 26.02 فیصد، دال مونگ 18.79فیصد آلو 12.45 فیصد سستے ہوئے۔

FOLLOW US