اسلام آباد : بجٹ میں امپورٹ ڈیوٹی اور دیگر ٹیکسز میں کمی کا اعلان متوقع، 800 سی سی سے کم گاڑیوں کی قیمتوں میں واضح کمی ہونے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں گاڑیاں سستی ہونے کا امکان پیدا ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ بجٹ میں حکومت کی جانب سے گاڑیوں پر عائد امپورٹ ڈیوٹی اور دیگر ٹیکسز کم کیے جا سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں گاڑیوں کی قیمتوں میں واضح کمی آئے گی۔ خاص کر متوسط طبقے کو ریلیف دینے کی کوشش کی جائے گی، 800 سی سی اور اس سے کم انجن والی گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔ ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے ملک بھر میں گاڑیوں کی قیمتیں 10 فیصد تک کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ڈالر دوبارہ 152 روپے پر آنے کے بعد گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی لائی جائے گی۔
اس سلسلے میں سمری تیار کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جون 2019 میں ڈالر 152 روپے تھا اور اس وقت ڈالر کی قیمت میں اضافے کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان رہا۔ڈالر کی قیمت 170 روپے تک پہنچ گئی اور اب ڈالر دوبارہ 152 روپے پر آگیا ہے تو گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی نہیں لائی گئی۔اس عرصہ میں گاڑیوں کی قیمتوں میں 10 لاکھ روپے تک اضافہ ہو گیا۔وفاقی حکومت نے گاڑیوں کی قیمتوں میں 5 سے 10 فیصد تک کمی لانے کے لیے ڈیوٹی بھی کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ملک بھر میں جو گاڑیاں تیار کی جاتی ہیں ان کے اکثر سپیئرپارٹس درآمد ہوتے ہیں۔ڈیوٹی میں کمی اور ڈالر میں کمی سے نئی گاڑیاں کی کاسٹ آف پروڈکشن میں کمی ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چند دنوں کے اندر سمری کو منظور کرلیا جائے گا۔ وزارت صنعت و پیداوار سمری تیار کرکے وزارت خزانہ کو بھیجے گی۔