Thursday January 23, 2025

ایک ہی دن میں پاکستانی روپے کی بڑی چھلانگ، ڈالر کی قیمت ایک مرتبہ پھر 153 روپے کی سطح سے نیچے آگئی

کراچی: ایک ہی دن میں پاکستانی روپے کی بڑی چھلانگ، ملکی کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت ایک مرتبہ پھر 153 روپے کی سطح سے نیچے آگئی۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز مقامی کرنسی مارکیٹوں میں امریکی ڈالر مزید50پیسے سستا ہوگیاجس کے نتیجے میں انٹر بینک میں ڈالر 153روپے کی سطح سے بھی نیچے آگیا ۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق گزشتہ روزانٹر بینک میں ڈالر کی قیمت خرید50پیسے کی کمی سے 153روپے سے گھٹ کر152.50روپے اور قیمت فروخت153.10روپے سے گھٹ کر152.60روپے ہوگئی۔ جب کہ مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید50پیسے کی کمی سے 153.20روپے سے گھٹ کر152.70روپے اور قیمت فروخت 153.50روپے سے گھٹ کر153روپے ہو گئی۔

دیگر کرنسیوں میں یورو کی قیمت خرید 182روپے سے بڑھ کر182.50روپے اور قیمت فروخت183.80روپے سے بڑھ کر184روپے ہوگئی جب کہ برطانوی پاؤنڈکی قیمت خرید211روپے اور قیمت فروخت 213روپے پر مستحکم رہی۔ دوسری جانب پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں بڑی گراوٹ آئی ہے۔ اس حوالے سے اسٹیٹ بینک کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کمرشل لون کی مد میں ایک ارب ڈالر کی بھاری ادائیگی کی گئی ہے۔ اس بیرونی ادائیگی کی وجہ سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 23ارب ڈالرز کی سطح سے گر کر22ارب ڈالرز جبکہ سرکاری ذخائر16ارب ڈالرز کی سطح سے گھٹ کر15ارب ڈالرز کی سطح پر آگئے۔ اسٹیٹ بینک سے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق 30اپریل کو ختم ہونے والے ہفتہ پر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 77کروڑ76لاکھ ڈالرز کمی سے 22ارب74کروڑ26لاکھ ڈالرز کی سطح پر آگئے،اس دوران مرکزی بینک کے ذخائر 82 کروڑ 99لاکھ ڈالرز کمی سے 15ارب 59 کروڑ 79 لاکھ ڈالرز جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر 5کروڑ 23 لاکھ ڈالرز اضافہ سے 7ارب14کروڑ47لاکھ ڈالرز ریکارڈ کئے گئے۔ گزشتہ ہفتہ مرکزی بینک نے کمرشل لون کی مد میں ایک ارب ڈالرز کی بھاری ادائیگی کی جس کے باعث زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ دیکھا گیا ۔ ذخائر میں 5 فیصد کی کمی ہوئی ہے، جبکہ ملک کے کل غیر ملکی قرضوں کا حجم 110 ارب ڈالرز ہو گیا ہے۔

FOLLOW US