Thursday January 23, 2025

مرغی کا گوشت غریبوں کے بعد متوسط طبقے کی پہنچ سے بھی باہر ہوگیا فی کلو قیمت مزید 100 روپے اضافے سے بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

کراچی : مرغی کا گوشت غریبوں کے بعد متوسط طبقے کی پہنچ سے بھی باہر ہوگیا، شہر قائد کراچی میں برائلر گوشت کی فی کلو قیمت مزید 100 روپے اضافے سے بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کے دوران مرغی کے گوشت کی قیمت کو بریک لگنا تو درکنار الٹا قیمت میں روز بروز اضافہ ہی ہوتا چلا جا رہا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ کئی شہروں میں مرغی کے گوشت کی قیمت سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ خاص کر شہر قائد کراچی میں مرغی کے فی کلو گوشت کی قیمت ملک کے کسی بھی شہر کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔ کراچی میں دو روز کے دوران مرغی کے گوشت کی فی کلو قیمت میں 100 روپے کا ہوش ربا اضافہ ہوا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ اس وقت برائلر گوشت 500 روپے سے زائد کی قیمت میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب لاہور میں بھی برائلر گوشت کی قیمت بے قابو ہو چکی۔ صوبائی دارالحکومت لاہور کے عام بازاروں میں برائیلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں 10 روپے فی کلو کا اضافہ کردیا گیا ہے جس کے بعد شہر کے عام بازاروں میں برائیلر مرغی کے گوشت کی سرکاری قیمت 380 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے جبکہ شہر کے عام بازاروں میں برائیلر مرغی کے گوشت کی اضافی قیمت 440 روپے ہو گئی ہے۔ قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور ہر دکاندارنے اپنی مرضی کاریٹ مقررکررکھا ہے ۔ قیمتوں میں اس قدر ہوشربا اضافے کے بعد مرغی کا گوشت غریبوں کے بعد متوسط طبقے کی پہنچ سے بھی باہر ہو چکا۔ جبکہ عید الفطر کی آمد میں بھی چند روز ہی باقی رہ گئے ہیں، ایسے میں شہریوں کا مطالبہ ہے کہ حکومت مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کو روکے۔ شہریوں نے حکومت سے برائلر مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں کمی لانے کیلئے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

FOLLOW US