Thursday January 23, 2025

ایمازون نے پاکستان کو سیلر لسٹ میں شامل کر لیا،پاکستان کی تاریخ میں جو کام پچھلے دس سال سے نہ ہو سکا وہ بالآخر موجودہ حکومت نے کر دکھایا

اسلام آباد :عالمی شہرت یافتہ کمپنی ایمازون نے پاکستان کو سیلر لسٹ میں شامل کر لیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ای کامرس کے شعبے میں بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں جو کام پچھلے دس سال سے نہ ہو سکا وہ بالآخر موجودہ حکومت نے کر دکھایا۔ انہوں نے کہا کہ ایمازون نے پاکستان کو سیلر لسٹ میں شامل کر دیا ہے، اس سے پاکستان عالمی منڈی میں شامل ہوگیا ہے ۔شہباز گل نے وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سے اربوں کی سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

اسی حوالے سے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ ایمازون کچھ ہی دنوں میں پاکستان کو اپنے فروخت کنندگان کی فہرست میں شامل کر لے گا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم پچھلے سال سے ایمازون کے ساتھ منسلک ہیں اور اب یہ ہو رہا ہے۔ایمازون فروخت کنندگان میں شمولیت ہمارے نوجوانوں، ایس ایم ایز اور خواتین کاروباری افراد کے لیے بہترین موقع ہے۔انہوں نے کہا کہ ای کامرس پالیسی ایک اہم سنگ میل پوری دنیا کے بہت سارے لوگوں نے ٹیم ورک کے ذریعہ حاصل کیا ہے۔ خیال رہے کہ دنیا کا سب سے بڑا آن لائن شاپنگ بازار ایمازون اب تک پاکستان سے کسی شخص کو بطور سیلر رجسٹرڈ نہیں کرتا تھا جس کی وجہ سے پاکستانی شہری دیگر ممالک سے ایمزون کے اکاؤنٹ کھلوا کر اس پر کام کرتے ہیں اور ماہانہ لاکھوں روپے کماتے ہیں۔تاہم اب ایماون نے پاکستان کو سیل لسٹ میں شامل کر دیا ہے جس کے بعد پاکستانی اپنا آئی ڈی بنا کر کام کر سکیں گے۔

FOLLOW US