Thursday January 23, 2025

ساڑھے 7 اور 15 ہزار کے بانڈز ختم، کب تک کیش کرائے جاسکتے ہیں؟

اسلام آباد : وفاقی حکومت نے منی لانڈرنگ اور کرپشن کا راستہ روکنے کیلئے ساڑے سات ہزار اور 15 ہزار روپے مالیت کے پرائز بانڈ ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ساڑھے سات ہزار اور 15 ہزار روپے کے پرائز بانڈز فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی شرط کی روشنی میں منسوخ کیے گئے ہیں۔ اس وقت ملک بھر میں ساڑھے سات ہزار روپے کے 126 ارب روپے مالیت کے جبکہ 15 ہزار روپے کے 190 ارب روپے مالیت کے پرائز بانڈ مارکیٹ میں موجود ہیں۔ یکم مئی کو ساڑھے سات ہزار روپے کے پرائز بانڈ کی مزید قرعہ اندازی نہیں کی جائے گی۔ اس کے علاوہ 15 ہزار والے بانڈ کی قرعہ اندازی بھی نہیں ہوگی۔ ساڑھے 7 ہزار والا بانڈ 31 دسمبر 2021 تک جبکہ 15 ہزار والا بانڈ 30 جون 2021 تک کیش کرایا جاسکے گا۔ بانڈ واپس کرنے کی صورت میں کیش نہیں دیا جائے گا بلکہ اس کی رقم بینک اکاؤنٹ میں منتقل کی جائے گی۔ مقررہ تاریخ کے بعد دونوں بانڈز کی کوئی حیثیت نہیں رہے گی اور انہیں ردی کا کاغذ سمجھا جائے گا۔

FOLLOW US