Tuesday May 14, 2024

ڈالر نے چند ہی روز میں پاکستانی روپے کو روند کر رکھ دیا، امریکی ڈالر کی قیمت ایک ماہ کی بلند ترین سطح پر آگئی

کراچی : ڈالر نے چند ہی روز میں پاکستانی روپے کو روند کر رکھ دیا، ملکی کرنسی مارکیٹ میں مسلسل ساتویں روز روپے کی قدر میں کمی، امریکی ڈالر کی قیمت ایک ماہ کی بلند ترین سطح پر آگئی۔ تفصیلات کے مطابق مقامی کرنسی مارکیٹوں میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی اونچی پرواز منگل کو بھی برقرار رہی اور انٹر بینک میں امریکی ڈالر مزید154.65روپے جب کہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں155.30روپے کی بلند سطح پر پہنچ گیا ۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق منگل کے روز روز انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت خریدمزید45پیسے کے اضافے سے154روپے سے بڑھ کر154.45روپے اور قیمت فروخت154.15روپے سے بڑھ کر154.65روپے ہو گئی۔

جبکہ دوسری جانب مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید60پیسے کے اضافے سے154.40روپے سے بڑھ کر155روپے اور قیمت فروخت154.80روپے سے بڑھ کر155.30روپے ہو گئی۔
دیگر کرنسیوں میں یورو کی قیمت خرید186 روپے اور قیمت فروخت188روپے مستحکم رہی جب کہ برطانوی پونڈکی قیمت خرید214روپے اور قیمت فروخت216روپے برقرار رہی۔ ڈالر کی قیمت میں مسلسل ساتویں روز اضافے کے حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس وقت پاکستانی روپے پر کافی دباو ہے۔ ملک میں لاک ڈاون لگنے کے خدشات کے باعث امپورٹرز کی جانب سے بڑی تعداد میں ڈالرز کی خریداری کر کے امپورٹس میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ خریداری میں اضافے کی وجہ سے ہی ڈالر کی طلب میں اضافہ ہوا، طلب میں اضافے کی وجہ سے ڈالر مسلسل مہنگا ہو رہا ہے۔ یہاں واضح رہے کہ کچھ روز قبل امریکی ڈالر کی قیمت 2 سال کی کم ترین سطح پر آگئی تھی۔ جبکہ معاشی ماہرین کی رائے میں بجٹ تک ڈالر کی قیمت 153 روپے سے 157 روپے کے درمیان چلتی رہے گی۔

FOLLOW US