Tuesday May 7, 2024

کاروباری ہفتے کا پہلا روز ملکی معیشت کیلئے نقصان دہ رہا اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی

کراچی: کاروباری ہفتے کا پہلا روز ملکی معیشت کیلئے نقصان دہ رہا، اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی، انٹربینک مارکیٹ میں پاکستانی کرنسی کی قدر میں 2 روپے سے زائد کی بڑی گراوٹ۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے موجودہ حالات کی وجہ سے پیر کو کاروباری ہفتے کا پہلا روز ملکی معیشت کیلئے نقصان دہ ثابت ہوا۔ ناصرف پاکستان اسٹاک ایکسچینج شدید مندی کا شکار ہوئی، بلکہ کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی روپے کی قدر میں بھی کمی دیکھنے میں آئی۔ پیر کے روز انٹربینک مارکیٹ میں برطانوی پاونڈ کے مقابلے میں پاکستانی کرنسی کی قیمت میں 2 روپے سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

برطانوی پونڈ کی قیمت 209 روپے 95 پیسے سے بڑھ کر 212روپے 22 پیسے ہوگئی۔ اس کے علاوہ مقامی کرنسی مارکیٹوں میں بھی پیر کو پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جب کہ یورو اور برطانوی پاونڈ کی قدر میں ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا ۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق گزشتہ روز انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید152.70روپے سے بڑھ کر152.75روپے اور قیمت فروخت152.80روپے سے بڑھ کر152.85روپے ہوگئی جب کہ مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید152.60روپے سے بڑھ کر152.70روپے اور قیمت فروخت152.90روپے سے بڑھ کر 153روپے ہوگئی۔ دیگر کرنسیوں میں یورو کی قیمت خرید182روپے مستحکم رہی لیکن قیمت فروخت184روپے سے گھٹ کر183.50روپے ہوگئی ۔ دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیرکوشدید مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا اور سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص فروخت کو ترجیع دینے کے باعث کے ایس ای100انڈیکس 45ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے 392.06پوائنٹس کی کمی سی44913.57پوائنٹس کی سطح پرآگیا۔ جب کہ67.28فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کو52ارب 86کروڑ94لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔

FOLLOW US