کراچی (ویب ڈیسک )ملائیشیا کی بڑی کار ساز کمپنی پروٹون الحاج نے پاکستان میں سستی ترین 1300 سی سی سیڈان کار ساگا متعارف کرا دی۔تفصیلات کے مطابق پروٹون کمپنی پاکستان میں اپنی سیڈان کار ساگا کے تین مختلف ماڈلز متعارف کروائے ہیں جن میں اسٹینڈرڈ مینوئل، اسٹینڈرڈ آٹومیٹک اور پریمیم آٹومیٹک شامل ہیں۔کمپنی کے اعلان کے مطابق مینول گیئر سسٹم والی ساگا ایم ٹی کی قیمت 19 لاکھ 70 ہزار روپے رکھی گئی ہے جبکہ آٹومیٹک کار ساگا اے ٹی کی قیمت 21 لاکھ 20 ہزار روپے ہوگی۔ تیسری اور سب سے بہتر قسم والی گاڑی ساگا ایس ہے
جس کی قیمت 22 لاکھ 20 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ساگا کو ہونڈا سٹی، ٹویوٹا یارس اور چنگان ایلسون کی کٹیگری میں شمار کیا جاسکتا ہے جبکہ 20 لاکھ روپے سے کم قیمت ہونے کی بنیاد پر اس کی قسم ساگا ایم ٹی کو پاکستان میں سب سے سستی سیڈان قرار دیا جارہا ہے۔ کمپنی کی جانب سے اس ماڈل کی بکنگ کا آغاز کردیا گیا ہے۔اب تک کی سب سے سستی سیڈان یعنی ایک علیحدہ ڈکی والی کار چنگان ایلسون کی پاکستان میں فروخت جاری ہے جس کی سب سے ارزاں قسم 22 لاکھ روپے کی ہے۔ یہ بھی ایک مینول سیڈان کار ہے۔پروٹون ساگا کے تینوں ورژنز میں 1299 سی سی ہارس پاور 4 سلینڈر پٹرول انجن دیا گیا ہے جو 94 ہارس پاور اور 12 این ایم ٹورکیو پاور فراہم کرتا ہے۔اس انجن کے ساتھ 5 اسپیڈ مینوئل یا 4 اسپیڈ آٹومیٹک ٹرانسمیشن (مینوئل یا آٹومیٹک ورژن کے مطابق) کی سہولت موجود ہوگی۔ لمیٹٖڈ ایڈیشن آر 3 میں 1332 سی سی انجن 5 اسپیڈ مینوئل یا 4 اسپیڈ آٹومیٹک گیئرباکس آپشن کے ساتھ دیا گیا ہے۔گاڑی میں مسافروں کے تحفظ کے لیے اینٹی لاک بریکنگ ٹیکنالوجی دی گئی ہے جبکہ ڈوئل فرنٹ ایئربیگز بھی موجود ہیں۔ اس گاڑی میں امبولائززر سسٹم، 15 انچ ایلوئے رمز، سگنل کے ساتھ سائیڈ مررز ، رئیر اسپائلرز، فوگ لیمپس ، ایڈجسٹ ایبل اسٹیئرنگ اور ریموٹ کنٹرول ٹرنک جیسے فیچرز موجود ہیں۔7 انچ کی ٹچ اسکرین بھی گاڑی میں موجود ہے۔پاکستان میں ایف اے ڈبلیو آٹو موبائلز بنانے والی کمپنی الحاج نے ملائیشیا کی گاڑیاں بنانے والی معروف کمپنی پروٹون سے اشتراک کیا ہے۔
کمپنی کے مطابق وہ ہر سال 25 ہزار گاڑیاں تیار کرنے کی پیداواری گنجائش رکھتی ہے۔پروٹون پاکستان کا مذکورہ 3 ویریانٹس کے علاوہ اپنی ایک اور سیڈان کار 1332 سی سی ساگا آر تھری بھی فروخت کرنے کا ارادہ ہے۔ تاہم مذکورہ ماڈل کی صرف 100 گاڑیاں ہی بیچی جائیں گی جس کے خریداروں کا فیصلہ قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔ اس گاڑی کی مینول قسم کی قیمت 21 لاکَھ 50 ہزار روپے جبکہ آٹومیٹک کار کی قیمت 24 لاکَھ 50 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔