Friday January 24, 2025

یوٹیلیٹی اسٹورز پرگھی کی قیمتوں میں 30 روپے فی کلو اضافہ کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد : حکومت کی مہنگائی مزید بڑھانے کی تیاریاں، اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے گھی کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی نے یوٹیلیٹی سٹورز پر گھی کی قیمتوں میں 30 روپے فی کلو اضافے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ گھی کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری وفاقی کابینہ سے آج لی جائے گی۔ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے گا۔ گھی کی قیمتوں میں 30 روپے اضافے کے بعد یوٹیلیٹی اسٹورز پر دستیاب گھی کی قیمت 170 روپے سے بڑھ کر 200 روپے ہو جائے گی۔ خیال رہے کہ حالیہ ہفتے منہگائی0.61 فیصد مزید بڑھ گئی ہے،

ملک میں ساتویں ہفتے بھی منہگائی میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ منہگائی کا سبب بنا۔ ایک ہفتہ میں 22 اشیائے ضروریہ منہگی ہوئیں۔ جس کے تحت چینی 2 روپے 64 پیسے فی کلو مزید منہگی ہوئی جس کے بعد چینی کی اوسط فی کلو قیمت 96 روپے 68 پیسے ہوگئی ہے، مٹن کی اوسط قیمت 1001.57 اور بیف کی قیمت 477 روپے فی کلو ہوگئی ہے، بیف 92 پیسے اور مٹن 35 پیسے فی کلو منہگا ہوا۔ پیاز81 پیسے اور آلو ایک روپے 40 پیسے فی کلو، دال مونگ 37 پیسے اور دال چنا 34 پیسے فی کلو، دال ماش 3 روپے 64 پیسے، دال مسور ایک روپے37 پیسے فی کلومنہگی ہوئی، تازہ دودھ، دہی، انڈے، صابن، چاول کی قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ میں کہا گیا کہ ایک ہفتہ کے دوران ملک میں 5 اشیاء سستی ہوئیں۔ گڑ، ٹماٹر، آگ جلانے والی لکڑی کی قیمتوں میں بھی کمی رکارڈ کی گئی، لہسن 17 روپے 29 پیسے فی کلو سستا ہوا، حالیہ ہفتے میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 8 روپے 4 پیسے سستا ہوا۔ اسی طرح ادارہ شماریات کی رپورٹ میں کہا گیا کہ حالیہ ہفتہ 24 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ دوسری جانب مہنگائی کے باعث عوام شدید پریشانی میں مبتلا ہیں عوام کی قوت خرید بھی ختم ہوتی جارہی ہے۔

FOLLOW US