Saturday April 20, 2024

پٹرول تو مہنگا نہیں ہوا، لیکن ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ کر دیا گیا

اسلام آباد : پٹرول تو مہنگا نہیں ہوا، لیکن ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایل پی جی ڈیلرز ایسوسی ایشن نے لاہور سمیت صوبے بھر میں ایل پی جی کی قیمت میں 2 روپے فی کلو کا اضافہ کردیا ہے۔ جس کے بعد ایل پی جی کی فی کلو قیمت 160 روپے ہوگئی ہے۔ قیمت کے بڑھنے سے ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 22 روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 84 روپے اضافے کے بعد ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 1885 اور کمرشل سلنڈر 7252 روپے ہوگیا ہے جبکہ ایسوسی ایشن نے ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے پر عوام نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کر کے دیے جانے والا ریلیف ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کر کے واپس لے لیا۔ واضح رہے کہ اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سفارش کی گئی تھی، تاہم وزیراعظم نے یکم مارچ سے قیمتوں میں اضافہ کرنے سے صاف انکار کر دیا۔ اوگرا نے یکم مارچ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کی تھی۔پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کی گئی سمری میں تجویز دی گئی تھی کہ یکم مارچ سے پیٹرولیم مصنوعات کی مجوزہ قیمت میں مجموعی طور پر 25 روپے 19 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا جائے۔سمری کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے 22 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 6 روپے 82 پیسے، لائٹ ڈیزل 5 روپے 78 پیسے اضافے کی تجویز دی گئی تھی، جسے وزیر اعظم عمران خان نے منظور نہیں کیا۔ اس حوالے سے شہباز گل نے بتایا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باوجود وزیراعظم نے اجازت نہیں دی۔

FOLLOW US