Friday January 24, 2025

چینی، آٹا اور گھی کی قیمتوں پرنظرثانی، اقتصادی رابطہ کمیٹی نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی

اسلام آباد : اقتصادی رابطہ کمیٹی نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی، بجلی بلوں پر10 پیسے فی یونٹ نیلم جہلم سرچارج بھی ختم کرنے کی منظوری دی گئی، کورونا ریلیف مد میں زرعی شعبے کیلئے سبسڈی پیکج کی سمری منظور کی گئی۔ وزیرخزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ جس میں یوٹیلیٹی سٹورز پرسبسڈائز اشیاء چینی، آٹا اور گھی کی قیمتوں پر مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ نظر ثانی کے بعد ای سی سی نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں محدود سطح تک اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ ای سی سی نے اوشئین شپنگ سروسز کو 5.8 لاکھ ڈالر فراہم کرنے اور جرمن کمپنی کو اسٹیل ملز کیلئے کوئلے کی فراہمی کے بقایاجات کی ادائیگی کرنے کی منظوری دی۔

اسی طرح آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹر میں ٹیکسوں کے مسائل کے حل کیلئے قائم ذیلی کمیٹی کی سفارشات منظور کی گئیں۔ ای سی سی نے بجلی بلوں پر 10 پیسے فی یونٹ نیلم جہلم سرچارج ختم کرنے، اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن کیلئے55 کروڑ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ، احساس پروگرام کی میڈیا مہم کے واجبات کی ادائیگی کیلئے وزارت اطلاعات کو 10.9 کروڑ کی ادائیگی اور اسپیشل ٹیکنالوجی زونز کیلئے20 کروڑ جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔ مزید برآں ایف بی آر کی جانب سے چینی کی درآمد پر ٹیکس چھوٹ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ چینی کی درآمد پر17 فیصد سیلز ٹیکس پر چھوٹ دی ہے۔ چینی کی درآمد پر3 فیصد ویلیوایڈڈ ٹیکس اور درآمدی چینی کی فراہمی پر بھی سیلز اور ویلیوایڈڈ ٹیکس کی چھوٹ ہو گی۔ ٹیکس چھوٹ ٹریڈنگ کارپوریشن کے ذریعے 5 لاکھ ٹن چینی کی درآمد پر ہوگی۔ درآمدی چینی پرٹیکس چھوٹ کا اطلاق 30 جون 2021 تک ہوگا۔

FOLLOW US