Friday January 24, 2025

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بہت بڑے اضافے کی تیاریاں، پٹرول 16روپے فی لیٹر تک مہنگا کرنے کی تجویز

اسلام آباد : حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تیاری کرلی ، اوگرا نے پٹرول 16روپے فی لیٹر تک اور ڈیزل 14 روپے75 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی تجویز دی ہے، قیمتوں میں ردوبدل وزیراعظم کی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری پٹرولیم ڈویژن کو ارسال کردی ہے، سمری میں پٹرول کی قیمت 5 روپے 50 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 75 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔

اسی طرح اوگرا نے سمری 30 روپے فی لیٹر لیوی کے حساب سے تیار کی ہے، جس کے تحت اوگرا سمری میں پٹرول 16روپے فی لیٹر تک اور ڈیزل 14 روپے 75 یسے تک منہگا کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس وقت پٹرول پر پٹرولیم لیوی 21روپے 4پیسے اور ڈیزل پر موجودہ لیوی 22 روپے 11پیسے وصول کی جارہی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا حتمی فیصلہ وزارت خزانہ، وزیراعظم کی مشاورت سے کرے گی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل یا برقرار رکھنے کا اطلاق 16 فروری سے ہوگا۔ بتایا گیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ دوسری جانب ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے کے دوران مہنگائی میں 0.81 فی صد اضافہ ہوا ، جس کے باعث چینی، آٹا، چکن، انڈے، چاول، دالیں، گھی، کوکنگ آئل اور لال مرچ سمیت کھانے پینے کی 24 اشیائ مزید مہنگی ہوگئیں۔ بتایا گیا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران ملک میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 24 روپے مہنگا ہوا جب کہ چینی کی قیمت 3 روپے 37 پیسے فی کلو بڑھ گئی جس کے بعد چینی کی فی کلو قیمت 90 روپے 22 پیسے سے بڑھ کر 93 روپے 59 پیسے ہو گئی ، اس کے علاوہ گھی کی فی کلو قیمت بھی ساڑھے 3 روپے اضافے کے بعد 291 روپے 65 پیسے تک پہنچ گئی۔

ملک میں چکن کی فی کلو قیمت میں اوسط 11 روپے 47 پیسے اضافہ ہوا ، جس کے بعد چکن کی فی کلو قیمت 225 روپے تک پہنچ گئی جب کہ انڈے کی اوسط فی درجن قیمت میں 6 روپے 80 پیسے اضافہ ہوا ، دال چنا 2 روپے ، دال ماش ڈیڑھ روپے ، دال مونگ ایک روپے مہنگی ہوئی ، اس کے علاوہ چاول ، دال مسور، مٹن، خشک دودھ اور نہانے کے صابن کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، اس کے ساتھ ساتھ 200 گرام سرخ مرچ میں 6 روپے 53 پیسے کا اضافہ ہوا اور قیمت 366 روپے 59 پیسے ہو گئی۔

FOLLOW US