Friday January 24, 2025

مہنگائی کا طوفان بے قابو ، گھی 22 روپے اور کوکنگ آئل 27 روپے مہنگا

اسلام آباد : عام بازاروں کے بعد یوٹیلیٹی اسٹورز پربھی مختلف برانڈز کے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی 22 روپے تک فی کلو مہنگا کردیا گیا جب کہ کوکنگ آئل کی قیمتوں میں بھی 27 روپے فی لیٹر تک اضافہ ہوچکا ہے ، جس کے ساتھ ہی پچھلے تین ہفتوں میں مجموعی طور پر گھی 65 روپے فی کلو جب کہ کوکنگ آئل 44 روپے فی لٹر تک مہنگا ہوچکا ہے کیوں کہ اس سے پہلے بھی مختلف برانڈز کے گھی 43 روپے اور کوکنگ آئل 17 روپے فی لیٹر مہنگا کیا گیا تھا۔

بتایا گیا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ، جس کے مطابق بناسپتی گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ یہاں واضح رہے کہ رواں سال جنوری کے پہلے ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.06 فیصد اضافہ ہوگیا، چینی، دالوں، گھی سمیت22 اشیاء مہنگی جبکہ 6 اشیاء انڈے، آٹا، سبزیاں سستی اور23 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا، چینی درآمد اورکرشنگ سیزن کے باوجود 6 روپے فی کلو مزید مہنگی ہوگئی ہے۔ ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق رواں سال 2021ء جنوری کے پہلے ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.06 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، گزشتہ ہفتے 23 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا جب کہ 22 اشیائے ضروریہ مہنگی اور 6 اشیاء سستی ہوئی ہیں۔ گزشتہ ہفتے سستی ہونے والی 6 اشیاء میں آلو ایک روپے 13 پیسے فی کلو، انڈے 7 روپے 49 پیسے فی درجن، پیاز 2 روپے 3 پیسے فی کلو، ٹماٹر6 روپے 58 پیسے فی کلو، مرغی 21 روپے 30 پیسے فی کلو اور آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 25 روپے 44 پیسے سستا ہوا ہے۔

اسی طرح مہنگی ہونے والی 22 اشیائے ضروریہ میں ایک ہفتے میں لہسن 36 پیسے فی کلو مہنگا ہوا، دال مسور ایک روپے 16 پیسے فی کلو، دال ماش ایک روپے67 پیسے فی کلو، دال مونگ 2 روپے 14 پیسے فی کلو، دال چنا ایک روپے 32 پیسے فی کلو مہنگی ہوگئیں ، گھی کا اڑھائی کلو کا ڈبہ 8 روپے 44 پیسے اور ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 144روپے 32 پیسے مہنگا ہوا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ درآمد اورکرشنگ سیزن کے باوجود چینی 6 روپے 6 پیسے فی کلو مزید مہنگی ہوگئی ہے، چینی کی قیمتوں میں مسلسل چوتھے ہفتے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، 4 ہفتوں میں چینی کی قیمت میں 8 روپے 97 پیسے فی کلو اضافہ ہوا ، جس سے چینی کی اوسط قیمت 90 روپے 6 پیسے فی کلو ہوگئی ۔

FOLLOW US