Wednesday April 24, 2024

چینی کی قیمت میں مسلسل کمی، قیمت 80 روپے سے نیچے آ گئی ایک ہفتے کے دوران چینی کی فی کلو قیمت میں 6 روپے تک کمی۔

اسلام آباد (ویب ڈیسک) ملک میں چینی کی قیمت میں مسلسل کمی دیکھنے میں آ رہی ہے، قیمت میں کمی کے بعد چینی 80 روپے کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کے ادارہ شماریات کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چینی کی قیمتوں میں مسلسل کمی ہورہی ہے اور گزشتہ ایک ہفتے کے دوران چینی کی فی کلو قیمت میں 6 روپے تک کمی ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق چینی کی فی کلو قیمت 81 روپے فی کلو تک ہوگئی ہے، جبکہ سب سے سستی چینی سکھر میں 75 روپے فی کلو میں فروحت ہورہی ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق بہاولپور، سیالکوٹ، فیصل آباد، کراچی، حیدر آباد اور خضدار میں چینی کی فی کلو قیمت 80 روپے ہے جبکہ کوئٹہ میں چینی 81 روپے اور ملتان میں فی کلو قیمت 82 روپے ہے۔ ادارہ شماریات نے بتایا کہ لاہور، سرگودھا، گوجرانوالہ اور لاڑکانہ میں چینی کی فی کلو قیمت 85 روپے ہے جبکہ پشاور، اسلام آباد اور راولپنڈی میں چینی 85 سے 90 روپے فی کلو تک ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ملک میں چینی کی قمیت 100 روپے سے زائد ہوگئی تھی جبکہ درآمدی چینی کے مارکیٹ میں آنے کے بعد حکومت کی جانب سے قیمتوں میں کمی کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔

FOLLOW US