Monday January 20, 2025

تاجروں کی دھمکی کام کر گئی، سندھ حکومت نے بازار رات 8 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت دے دی

کراچی (ویب ڈیسک) صوبہ سندھ میں تمام مارکیٹس اب رات 8 بجے تک کھلی رہیں گی ۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں کہا کہ ’’ سندھ میں اب سے مارکیٹیں رات 8 بجے تک کھلی رہیں گی ۔ مارکیٹس کی تنظیمیں، دکان مالکان اور شہری کورونا ایس او پیز کا خیال رکھیں، اور دکان پر جانے والے تمام افراد اور دکاندار ماسک کا استعمال یقینی بنائیں ‘‘۔

سندھ حکومت نے تاجروں کی جانب سے ہڑتال کی دھمکی کے بعد بازاروں کو 8 بجے تک کھولنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سے قبل تاجروں کی جانب سے سندھ حکومت کو 72 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا گیا تھا، تاجر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مطالبات نہ مانے تو شٹر ڈاؤن ہوگا، پورے کراچی اور سندھ کا تاجر سڑکوں پر ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سندھ حکومت کی جانب سے مارکیٹیں اور دکانیں 6 بجے بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا، محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ مارکیٹیں جمعہ اور اتوار کو بند رہیں گی۔

جبکہ تاجروں نے دھمکی دی تھی کہ وہ جمعے کو دکانیں کھولیں گے، پہلے ہی کورونا کی وجہ سے ان کو شدید نقصان ہو چکا ہے، اب مزید نقصان نہیں برداشت کیا جائے گا ۔ اب سندھ حکومت نے تاجران کے مطالبات منظور کرتے ہوئے سندھ میں بازار 8 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت دے دی ہے، جبکہ جمعے کے دن بازار کھولنے کے حوالے سے کوئی خبر سامنے نہیں آئی ہے ۔

FOLLOW US