Wednesday January 22, 2025

مہنگائی کا طوفان، سبزیوں کی قیمت میں ہوشربا اضافہ، آلو کبھی اتنا مہنگا نہیں ہوا، فی کلو قیمت 100 روپے سے تجاوز کر گئی

لاہور (نیوز ڈیسک) مہنگائی کا طوفان، سبزیوں کی قیمت میں ہوشربا اضافہ، آلو کبھی اتنا مہنگا نہیں ہوا، فی کلو قیمت 100 روپے سے تجاوز کر گئی، پیاز کی فی کلو قیمت 80 روپے سے زائد، جبکہ ٹماٹر ڈیڑھ سو روپے فی کلو کی قیمت میں دستیاب۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں جاری مہنگائی کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ وزیراعظم کی جانب سے مہنگائی پر قابو پانے کیلئے اقدامات کیے جانے کے دعوے کے باوجود مہنگائی کی شرح میں کمی کی بجائے مزید اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
خاص کر غریب افراد کیلئے 2 وقت کی روٹی کھانا مشکل ہوگیا ہے۔ ایک جانب آٹے اور چینی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا،

تو دوسری جانب غریب کی خوراک سبزیوں کی قیمتیں بھی آسمان تک پہنچ گئیں۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں سبزیوں کی قیمتوں میں مسلسل ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ خاص کر آل، پیاز اور ٹماٹر جیسی روزمرہ ضرورت کی سبزیاں بھی غریب کی پہنچ سے دورہوگئی ہیں۔ آلو جیسی سبزی جو ہمیشہ سے قدرے مناسب قیمت پر مارکیٹ میں دستیاب ہوتی تھی، یہ سبزی بھی اب بے انتہاء مہنگی ہو چکی۔ اس وقت ملک میں آلو کی فی کلو قیمت 100 سے تجاوز کر کے 110 روپے ہو چکی ہے۔ جبکہ پیاز80 روپے فی کلو اور ٹماٹر 150 روپے فی کلو کی قیمت میں دستیاب ہیں۔ ان سبزیوں کے علاوہ دستیاب دیگر سبزیاں بھی مہنگی ہوئی ہیں۔ جبکہ انڈے، مرغی کے گوشت سمیت دیگر روزمرہ ضرورت کی اشیاء بھی غریب کی قوت خرید سے اب باہر ہو چکیں۔
فی کلو مرغی کے گوشت کی قیمت 280 روپے سے زائد جبکہ انڈے فی درجن 185 روپے ہو چکے۔ اس تمام صورتحال میں غریب عوام کا وزیراعظم سے مطالبہ ہے کہ دعوے اور باتوں کی بجائے عملی اقدامات کر کے مہنگائی کو کنٹرول کریں۔ مہنگائی کی موجودہ صورتحال تباہ کن ہے، غریب اس مہنگائی میں زندہ نہیں رہ سکتا۔

FOLLOW US