Monday January 27, 2025

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری۔۔

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا، ڈیزل کی قیمت میں کمی کر دی گئی، پٹرول، مٹی کے تیل اور لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمتیں برقرار رہیں گی۔ تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ کی جانب سے یکم اکتوبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صرف ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں کمی کی گئی ہے۔ یکم اکتوبر سے ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 40 پیسے فی لیٹر کمی کر دی گئی ہے۔ پٹرول کی فی لیٹرقیمت 103روپے97پیسے، مٹی کےتیل کی قیمت65روپے 29پیسے،

لائیٹ ڈیزل آئل کی قیمت62روپے86پیسےفی لیٹر برقرار رہے گی۔ جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 104روپے6پیسےفی لیٹرمقرر کر دی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا فیصلہ وزیراعظم کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔ فیصلے کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو جائے گا۔ حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ 15 دن کے لیےکیا گیا ہے۔ گزشتہ روز پاکستان میں تیل اور گیس کی قیمتوں کا تعین کرنے والے ادارے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے یکم اکتوبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی تجویز دی تھی۔ اوگرا کی جانب سے حکومت کو بھجوائی گئی تجاویز میں کہا گیا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 3 سے 4 فیصد فی لٹر کمی کی جائے۔اوگرا نے یہ سفارش بھی کی کہ پٹرولیم لیوی کی شرح بڑھا کر قیمتیں برقرار رکھی جاسکتی ہیں۔ اوگرا نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں دو روپے تک فی لٹرکمی کی تجویز دی ۔ تاہم اب صرف ڈیزل کی قیمت میں کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔

FOLLOW US