Friday May 17, 2024

پاکستان کے 3 شہروں میں یورو 5 پٹرول کی فروخت شروع ، عالمی معیار کے اس پٹرول کی قیمت بھی مقرر کر دی گئی

اسلام آباد (ویب ڈیسک) ملک کے 3 شہروں میں یورو 5 پٹرول کی باقاعدہ فروخت شروع ہوگئی، عالمی معیار کے ماحول دوست پٹرول کی فی لیٹر قیمت 120 روپے مقرر کر دی گئی، پہلے مرحلے میں 3 شہروں اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں دستیاب ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں پہلی مرتبہ عالمی معیار کے ماحول دوست یورو 5 پٹرول کو متعارف کروایا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں ملک کے 3 بڑے شہروں کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں یورو 5 پٹرول دستیاب ہوگا۔ پی ایس او پاکستان میں یورو 5 متعارف کرانے والی پہلی آئل مارکیٹنگ کمپنی ہے۔ جبکہ بتایا گیا ہے

کہ اعلیٰ معیار ہونے کی وجہ سے یورو 5 پٹرول کی قیمت بھی زیادہ ہے۔ عالمی معیار کے ماحول دوست یورو 5پٹرول کی فی لیٹر قیمت 120 روپے مقرر کی گئی ہے۔ اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی پیٹرولیم ندیم بابر نے کہا ہے کہ ماحول دوستی کی جانب یہ ابتدائی قدم ہے۔ ندیم بابر کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر صرف یورو 5 پٹرول متعارف کروایا جا رہا ہے۔ اگلے ماہ یکم ستمبر2020 سے ملک کی تمام پیٹرول امپورٹس یورو 5 اسٹینڈرڈ پر ہوگی۔ جبکہ کچھ ماہ کے وقفے سے 31 دسمبر کے بعد تمام ڈیزل امپورٹ یورو 5 میں ہوگی۔ ندیم بابر مزید کہتے ہیں کہ ملک میں یورو 5 پٹرول کی فروخت شروع کرنے کے حوالے سے پی ایس او کی طرف سے اٹھائے جانے والے قدم کو سراہتے ہیں، ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم آنے والی نسلوں کو صاف ماحول مہیا کریں۔ اس حوالے سے وزیر توانائی عمر ایوب نے بتایا ہے کہ سابقہ حکمرانوں نے توانائی بحران کے حل میں غیر سنجیدگی دکھائی،حکومت کی توجہ تیل اورگیس کی مقامی پیداوار بڑھانے پر ہے۔ عمر ایوب کا کہنا ہے کہ یورو 5 فیول کے استعمال سے ملک میں فضائی آلودگی ختم ہو گی۔ واضح رہے کہ اس وقت ملک میں عام استعمال کے رون 92 پٹرول کی فی لیٹر قیمت 104 روپے ہے، جبکہ یورو 5 پٹرول کی فی لیٹر قیمت 16 روپے زائد، 120 روپے ہے۔

FOLLOW US