Thursday November 28, 2024

پنجاب میں مختلف کاروباروں کے اوقات تبدیل، نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا

لاہور(نیوز ڈیسک) پنجاب میں مختلف کاروباروں کے اوقات تبدیل کر دیئے گئے ہیں۔ اس حوالے سے متعلقہ محکمے کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کیپٹن (ر) محمد عثمان نے اس ضمن میں نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کے مطابق چکن اور گوشت کی دکانیں صبح 9 سے شام 7 بجے تک ہفتے بھر کھلی رہ سکیں گی جبکہ بیکریاں اور دودھ دہی کی دکانیں ہفتہ بھر 24 گھنٹے کھلی رہ سکیں گی۔

اس حوالے سے مزید بتایا گیا ہے بیکریوں سمیت شاپنگ مالز میں ایس او پیز کی پیروی کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کا کہنا تھا کہ اس نوٹیفکیشن کا اطلاق تا حکم ثانی لاگو رہے گا اور تمام کاروباری شخصیات سے بھی امید کی جا رہی ہے کہ وہ بھی ان اقدامات میں حکومت کا ساتھ دیں گی۔ خیال رہے کہ اس سے پہلے بھی حکومت کی جانب سے ریلیف دیا گیا تھا جس کے مطابق تمام دکانوں کو شام 7 بجے تک کاروبار کرنے کی اجازت دی گئی تھی، لیکن اب دودھ دہی اور بیکریوں کو 24 گھنٹے کھولے رکھنے کی اجازت دے دی گئی ہے جس کے بعد اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں بھی ہر گزرتے دن کے ساتھ کورونا کے مریضوں کی تعداد میں حیران کن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ پاکستان میں کورونا کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو پاکستان میں جاں بحق ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 2064 ہو گئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 103321 تک پہنچ گئی ہے۔ اس بڑھتی ہوئی تعداد کو روکنے اور کم کرنے کے لئے حکومت کی جانب سے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے اور عوام سے ہر قسم کے تعاون کی بھی اپیل کی جا رہی ہے۔

FOLLOW US