Thursday November 28, 2024

ملکی معیشت لڑکھڑا گئی ۔ڈالر کی قیمت میں ایک ساتھ 4 روپے سے زائد کا اضافہ ہوگیا

لاہور (نیوز ڈیسک ) ڈالر ایک ہی دن میں مزید مہنگا، امریکی کرنسی کی قیمت میں 4 روپے سے زائد کا اضافہ ہوگیا، تین روز کے دوران انٹر بینک میں امریکی کرنسی 4 روپے 17 پیسے مہنگی ہو گئی، قیمت 158 روپے 42 پیسے کی سطح پر پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی کرنسی مارکیٹ میں کئی ماہ تک قابو میں رہنے کے بعد امریکی کرنسی ڈالر پھر سے بے قابو ہوگئی ہے۔بدھ کو کاروباری روز کے دوران بھی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں اضافے کا رجحان برقرار رہا۔ رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے اوپن مارکیٹ اور انٹر بینک میں امریکی ڈالر بالترتیب 1 روپے اور 97 پیسے مہنگا ہو گیا ہے۔

3 روز کے دوران انٹر بینک میں امریکی ڈالر 4 روپے 17 پیسے مہنگا ہوا ہے۔ جبکہ 3 روز کے دوران اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 3 روپے 70 پیسے بڑھ گئی۔بدھ کے روز قیمتوں میں مزید اضافے کے بعد اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر 158 روپے کی سطح پر پہنچ گیا جبکہ انٹربینک میں امریکی ڈالر 158 روپے 42 پیسے کی سطح پر پہنچ کربند ہوا۔ بتایا گیا ہے کہ بلند شرح سود کی وجہ سے پاکستان میں گزشتہ چند ماہ کے دوران ریکارڈ بیرونی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔ تاہم اب امکان ہے کہ رواں ماہ کے وسط میں اسٹیٹ بینک شرح سود میں کمی کر دے گا، اسی لیے غیر ملکی سرمایہ کاروں نے ڈالرز میں لگایا گیا سرمایہ واپس نکالنا شروع کر دیا، اسی باعث کرنسی مارکیٹ میں اچانک ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا ہے۔

FOLLOW US