لاہور(این این آئی)پاک سوزوکی موٹر کمپنی نے فروری میں تین روز تک اپنی پیداوار بند کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ کمپنی نے سوزوکی کلٹس وی ایکس ایل اور اے جی ایس ماڈلز کی قیمتوں میں 10 ہزار روپے اضافہ بھی کردیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق کمپنی کے اعلامیے میں غیرپیداواری دن کے بارے میں آگاہ کیا گیا تاہم پیداوار بند رکھنے کی وجہ نہیں بتائی گئی البتہ یہ اعلان کیا کہ آٹو موبائل کے شعبے میں پیداوار 3، 4 اور 10 فروری کو بند رہے گی۔علاوہ ازیں کمپنی نے سوزوکی کلٹس وی ایکس ایل اور اے جی ایس ماڈلز کی قیمتوں
میں 10 ہزار روپے اضافہ کردیا جس کے بعد کلٹس کی قیمت18 لاکھ 65 ہزار اور اے جی ایس ماڈلز کی قیمت 19 لاکھ 85 ہزار روپے ہوگئی۔کمپنی کے مطابق گاڑیوں کی قیمت میں حالیہ اضافہ گاڑیوں کے ماڈلز میں لگائے نئے انفوٹینمنٹ سسٹم کی وجہ سے کیا گیا۔واضح رہے کہ ایکسچینج ریٹ میں استحکام ہونے سے درآمدی لاگت میں کمی کے باوجود یکم جنوری کو پاک سوزوکی نے کلٹس کے علاوہ اپنے مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں 49 سے 90 ہزار روپے کا اضافہ کیا تھا۔