Wednesday January 22, 2025

ان کو تکلیف ہوتی ہے، جب لوگ کہتے ہیں پرویز الٰہی کووزیراعلیٰ بنا دو، اب ہمارے صبر کا پیمانہ لبیریز ہو گیا ہے(ق) لیگ کے سینئر رہنما ء کی حکومت پر تنقید

لاہور: مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنماء کامل علی آغا نے کہا ہے کہ جب کہتے پرویز الٰہی کووزیراعلیٰ بنا دیں، ان کو تکلیف ہوتی ہے، یہ سمجھتے ہیں کہ شاید یہ افواہیں ہم پھیلا رہے ہیں، میرے بھائی ہم کچھ نہیں کروا رہے،ہم اتحاد کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں، ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہورہا ہے۔ انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں بیڈ گورننس بڑھتی چلی جارہی ہے، جہاں گڈ گورننس ہونی چاہیے تھی وہاں بیڈ گورننس ہورہی ہے۔

چور اب سادھو بننا شروع ہوگئے ہیں بڑے بڑے ڈاکو چور لٹیرے،منشیات فروش خود کو ولی اللہ بنا کر پیش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب پنجاب کے لوگ یہ کہتے ہیں چودھری پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ بنا دو، پھر ان کو تکلیف ہوتی ہے، پھر یہ سمجھتے ہیں کہ شاید ہم سب کچھ کروا رہے ہیں۔ لیکن میرے بھائی ہم کچھ نہیں کروا رہے، ہم تودوستوں کے دوست ہیں، ہم اتحاد کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ مسلم لیگ ق چاہتی ہے کہ یہ مینڈیٹ پورا کریں، ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہورہا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ تبدیلی کا مطلب مہنگائی، بیروزگاری اور خراب طرز حکمرانی کاخاتمہ ہے۔ ہمارے تو تحفظات ہی یہ ہیں کہ کرپشن بڑھتی جا رہی ہے، مہنگائی بڑھتی جا رہی ہے اور امن و امان کا برا حال ہے۔ رہنماء ق لیگ نے کہا کہ کرپشن بڑھ گئی ہے، رشوت میں 5 ہزار کی آفر پر 50 ہزار مانگے جاتے ہیں۔ عمران خان کا نام لے کر رشوت وصول کی جا رہی ہے اور بڑھ چڑھ کر لی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رشوت لینے والے کہتے ہیں تبدیلی آگئی ہے اس لیے رشوت کا ریٹ بھی بڑھ گیا ہے۔ان کا کہنا تھا حکومت فلاح و بہبود پر توجہ دے اور ہمارے ساتھ معاہدے پر عمل کیا جائے، پالیسی سازی میں اتحادیوں سے مشاورت شامل ہو، عمران خان کو اتحادی اتنے ہی عزیز ہوں جتنے پی ٹی آئی کے ارکان ہیں۔

کامل علی آغا نے کہا کہ اتحادیوں کو اتنا ہی ترقیاتی فنڈز ملے جتنا پی ٹی آئی اراکین کو ملتا ہے، ہم سے ضلعی اور صوبائی ادارہ جاتی کمیٹیوں کی نمائندگی دینیکا وعدہ کیا گیا تھا، پنجاب اور وفاق میں دو دو وزارتوں کا وعدہ کیا گیا تھا۔ انہو ں نے مزید کہا کہ ہمیں صوبے میں دو وزارتیں ملیں لیکن تیسری بار ان کے سیکریٹری بھی تبدیل کیے گئے جب کہ وفاق میں وزارت دی ہی نہیں گئی، اب ہم کہتے ہیں کہ 10 وزارتیں بھی دیں تو ہم نہیں لیں گے۔ان کا کہنا تھا حکومت عوام کے مسائل حل کرے ورنہ الیکشن میں انڈے اور ڈنڈے ہمیں اکیلے نہیں بلکہ پی ٹی آئی کو بھی ساتھ پڑیں گے۔

FOLLOW US