Monday September 8, 2025

پنچائیت نے 14 سالہ لڑکی کو سرعام برہنہ کرکے رسواکرنے کا حکم سنادیا

ڈیرہ غازی خان (نیوز ڈیسک) وزیراعلی سردار عثمان بزدار کے ضلع ڈی جی خان میں قبائلی پنچایتی جرگہ کا ایک اور خوفناک فیصلہ سامنے آگیا ، بھائی کے جرم میں 14 سالہ بہن کو برہنہ کرکے رسوا کرنے کا فیصلہ سنا دیا گیا، چودہ سالہ امیراں کو یہ سزابارڈر ملٹری پولیس کے تھانہ کشوبہ کے علاقہ میں اسوقت بھگتناپڑی جب ایک 27 رکنی جرگہ پر مبنی پنچایت اس بات پر فیصلہ کررہی تھی کہ امیراں کے بھائی حسین نے سوناخان کے بیٹے کی بیوی سے ناجائزتعلقات قائم کیے اور اسے بھگاکر لے گیاتھا۔ سوناخان کی درخواست پر پنچایتی جرگہ اس سارے معاملہ کوسنااور فیصلہ سنایا کہ حسین کی بہن کو سب کے سامنے برہنہ کرکے رسوا کیا جائے ، کالا ہونے والے حسین کو دیکھتے ہی گولی مار دی جائے اور علاقے میں داخل

نہ ہونے دیا جائے ، بھاگ کر جانیوالی سونا خان کی بہو کو پکڑے جانے پر سنگسار کردیاجائے یا اسے بلوچستان کے قبائلی علاقہ میں بلوچی رسم و رواج کے مطابق آگے فروخت کردیاجائے ۔ جرگہ کے حکم پر 30 سے زائد افراد نے نور محمد بلوچ کے گھر پر دھاوا بولا اور اس کی 14 سالہ بیٹی کو زبردستی اٹھا کر ساتھ لے گئے ، تمن کھوسہ میں غیرت کے نام پر انسانیت کی تذلیل کی گئی۔ بی ایم پی جرگہ کے فیصلے کی پشت پناہی میں انسانیت سوز واقعہ پر پولیس تھانہ کشوبہ مقدمہ درج کرنے سے گریزاں ہے ۔ پولیس کی جانب سے ملزمان کی عدم گرفتاری پر آج سول سوسائٹی کی طرف سے احتجاج کی کال دے دی گئی۔کمانڈنٹ بارڈر ملٹری پولیس سید موسی رضا نے بتایا لڑکی کو برآمد کرکے مقدمہ درج کیا جا رہا ہے ۔