Wednesday November 26, 2025

مہوش حیات پر طنز عامر لیاقت کو مہنگا پڑگیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک)مہوش حیات کو ایک بار پھر تنقید کا نشانہ بنانےوالے عامرلیاقت حسین کو اداکارہ نے کڑا جواب دیتے ہوئے اپنے خلاف عدالت جانے کا دعویٰ یادکروا دیا۔سیاست اور پیشہ ورانہ مصروفیات کے علاوہ عامر لیاقت حسین کا دلپسند مشغلہ سوشل میڈیا پر اِن رہنا ہے لیکن بعض اوقات وہ ایسی ٹویٹس بھی کردیتے ہیں جس پر خود انہیں تنقید کا سامنا کرناپڑجاتا ہے۔مہوش حیات نے عراق میں امریکی فضائی حملے میں جاں بحق ہونے والے ایرانی فوجی کمانڈر قاسم سلیمانی کے معاملے پر اپنی ٹویٹ میں لکھا تھا ’’ یقین نہیں آتا کہ سال 2020 میں قدم رکھے ہوئے ہمیں صرف 72 گھنٹے (3 دن ) ہوئے ہیں اور دنیا جنگ کے

دہانے پرکھڑی ہے۔ میرے خیال سے یہ تب ہوتا ہے جب ’’ آزاد دنیا کا لیڈر ‘‘ بین القوامی قوانین کا خیال کیے بغیر یکطرفہ فیصلے کرے۔ یہ صرف ایران اور امریکہ سے متعلق نہیں ، خدا ہماری حفاظت کرے‘‘۔✔جواب میں عامر لیاقت نے ٹوئٹرپر ایک پوسٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ’’تمغہ امتیاز کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آئٹم گرل امتیازی بیانات دیں، اُنہیں پاکستان کی پالیسی کے ساتھ چلنا چاہئیے اور ویسے بھی قاسم سلیمانی اگر حیات ہوتے تو کیا ایران میں انہیں پرفارم کرنے بلاتے؟‘‘۔اس طنز پر مہوش حیات نے کڑے الفاظ میں عامر لیاقت کو ان کا دعویٰ یاد دلاتے ہوئے لکھا یہ ’’ آئٹم گرل ‘‘ اپنا جمہوری حق استعمال کر رہی ہے جبکہ آپ صرف ذاتی عناد پر طعنے تشنے دینے کے علاوہ کچھ نہیں کرتے، مرد بنیں۔ اس کیس کا کیا بنا جو آپ فلم ’’ لوڈ ویڈنگ ‘‘ کی بناء پر میرے خلاف فائل کرنے والے تھے؟ میں خوفزدہ ہوکر انتظار کررہی ہوں۔مہوش حیات نے عامر لیاقت کو جو دعویٰ یاد دلایا اس کا پس منظر یہ ہے کہ سال 2019 میں یوم پاکستان کے موقع پر اداکارہ کو تمغہ امتیاز دیے جانے کے بعد عامر لیاقت نے ردعمل میں مہوش حیات اور فہد مصطفیٰ سمیت فلم بنانے والوں کیخلاف عدالت جانے کا اعلان کیا تھا۔عامر لیاقت نے لکھا تھا کہ ’’مہوش حیات کو تمغہ ملایہ وہ جانیں یا”دلوانے والا” فی الحال تو نبیل قریشی، فضا مرزا ،فہد اور مہوش لوڈ ویڈنگ کے حوالے سے عدالت کاجلد سامناکریں گے‘‘۔مہوش حیات کے کام پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے مزید لکھا تھا کہ ایوارڈ دینے کے موقع پر ان کے تعارف میں پاکستان میں سب سے زیادہ فلموں اور ڈراموں میں کام کرنے کا بتایا گیا تو اس وقت دیگر پر کیا گزری ہوگی۔اس ٹویٹ کے بعد سماء ڈیجیٹل کی جانب سے

26 مارچ 2019 کو عامر لیاقت سے رابطہ کرنے پر انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ مجھ سے منسوب یہ خبریں چلائی جا رہی ہیں کہ میں مہوش حیات کے خلاف عدالت جا رہا ہوں، فی الحال تو میں مقدمہ دائرنہیں کررہا، ابھی معاملات کا جائزہ لے رہا ہوں فلم میں میری کردار کشی کی گئی ، جو سب کے سامنے ہے۔یہ پہلا موقع نہیں کہ عامر لیاقت کی جانب سے مہوش حیات کو نشانے پر رکھا گیا ہو، تقریبا 3 ماہ قبل امریکی شہرہیوسٹن میں ہونے والی ساتویں ہم ایوارڈز کی تقریب کیلئے ایک ڈانس ریہرسل میں پہنے جانے والے لباس پر اداکارہ کو کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا جس میں عامر لیاقت بھی پیش پیش تھے۔ایک ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے انہوں نے لکھا تھا کہ مہوش کو امتیاز اسٹور سے نیا تمغہ امتیاز ضرور دے دیا جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے مہوش کے ہمراہ پرفارم کرنے والے احسن خان کو بیچارہ قرار دے دیا۔