لاہور (ویب ڈیسک) امریکہ کی جانب سے بغداد ایئر پورٹ پر کیے جانے والے ڈرون حملے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد پوری دنیا میں تیسری جنگ عظیم موضوع بحث بن گئی ہے ۔ لوگ سوشل میڈیا پر اس بات کا خدشہ ظاہر کر رہے ہیں کہ آج کے واقعے کے بعد دنیا تیسری جنگ عظیم کی طرف تیزی سے بڑھ رہی ہے۔پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے سربراہ میجر جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد ٹوئٹر پر اسی واقعے سے متعلق موضوعات ہی ٹاپ ٹرینڈ کر رہے ہیں۔ اگر ٹوئٹر پر چلنے والے ورلڈ وائڈ ٹرینڈز کا جائزہ لیا جائے تو ٹاپ 5 میں سے 3 ٹرینڈز تیسری جنگ عظیم سے متعلق ہیں جبکہ ایک ٹرینڈ جنرل سلیمانی سے متعلق ہے۔
پاکستان میں پہلے پانچوں ٹرینڈزاسی واقعے سے متعلق ہیں جن میں سے 2 تیسری جنگ عظیم کے موضوع پر بنے ہوئے ہیں۔امریکہ میں بھی پانچوں ٹاپ ٹرینڈز عراق میں امریکی حملے میں ایرانی جنرل کی ہلاکت سے متعلق ہیں۔سعودی عرب، ترکی ، انڈیا اور اسرائیل سمیت ہر جگہ جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے تیسری جنگ عظیم کے خطرے سے متعلق ہی موضوعات ٹاپ ٹرینڈ کر رہے ہیں ۔ ان ٹرینڈز کے ذریعے لوگ سوشل میڈیا پر امریکی کارروائی پر اپنی تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔ جبکہ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاہے کہ ایران نے کبھی جنگ نہیں جیتی لیکن مذاکرات میں کبھی ایران کوشکست کا سامنا نہیں کرنا پڑا ۔اپنے ایک ٹوئٹ میں امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران نے کبھی جنگ نہیں جیتی لیکن مذاکرات میں کبھی نہیں ہارا ۔ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی امریکی ڈرون حملے میں ہلاک کے بعد امریکی صدر کا یہ پہلا بیان ہے جو ٹوئٹ کی شکل میں سامنے آیاہے ، اس سے قبل جنرل قاسم کی ہلاکت پر ٹرمپ نے امریکی پرچم ٹوئٹ کیا تھا۔واضح رہے کہ دارالحکومت بغداد کے ایئرپورٹ پرامریکہ کی جانب سے راکٹ حملے کیے گئے، جس کے نتیجے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔ راکٹ حملے میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا پاپولرموبلائزیشن فورس (پی ایم ایف) کے ڈپٹی کمانڈرابومہدی المہندس بھی جاں بحق ہوگئے۔عراقی حکام کے مطابق بغداد ایئرپورٹ پرداغے گئے 3 راکٹ کارگوہال کے قریب گرے، راکٹ حملے سے 2 کاروں کوآگ بھی لگی۔
عرب ٹی وی کے مطابق راکٹوں سے اہم مہمانوں کوایئرپورٹ لانے والی گاڑیاں تباہ ہوئیں، راکٹ حملے سے قبل سائرن بجے، فضا میں ہیلی کاپٹراڑتے دیکھے گئے۔پینٹاگون کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنرل قاسم سلیمانی کوڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت پرمستقبل میں ایران کی جانب سے حملوں کو روکنے کے لیے ہلاک کیا گیا ہے۔









