Friday November 29, 2024

سردی کا 6 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، آج کم سے کم درجہ حرارت کتنا ریکارڈ کیا گیا؟

کراچی: کراچی میں سردی کا 6 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، جمعہ کی صبح شہر قائد میں درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد کراچی میں بھی ملک کے دیگر حصوں کی طرح رواں برس سردی کا موسم قدرے زیادہ شدید ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جمعہ کی صبح کو شہر قائد کراچی میں شدید سردی کا 6 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ جمعہ کی صبح کو کراچی میں درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا جو 6 برس کے دوران اس شہر کا سب سے کم درجہ حرارت رہا۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور بالائی سند ھ کے بیشتر میدانی علاقوں جبکہ خیبر پختونخوا کے بعض اضلاع میں رات اور صبح کے اوقات میں شدیددھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہے گا۔

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد میں موسم سرداور خشک رہنے کے ساتھ رات اور صبح کے اوقات میں دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ کوئٹہ، قلات اور زیارت کے اضلاع میں شدید سرد رہے گا۔ اسی طرح پنجاب کے کے بیشتر میدانی اضلاع میں رات اور صبح کے اوقات میں شدیددھند چھائے رہنے کے علاوہ موسم سرد اور خشک رہے گا۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ صوبہ کے دیگر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہے گا۔ اسی طرح گلگت بلتستان اور کشمیر کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ ملک میں کم سے کم درجہ حرارت اسکردو منفی 18، استور منفی 12،گوپس منفی11، بگروٹ منفی 09، گلگت، ہنزہ منفی 07،قلات منفی 06، کالام منفی 05 اور پاراچنار میں منفی 04 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

FOLLOW US