لاہور(نیوز ڈیسک ) مسلم لیگ ن کے مزید دوسینئرمرکزی رہنماء ایف آئی اے کے ریڈار میں آگئے، ایف آئی اے نے سینیٹرپرویز رشید اور عظمیٰ بخاری کو 30 دسمبر کو طلب کرلیا، دونوں رہنماؤں کو جج ارشد ملک کیس میں طلب کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کو نیب میں گرفتاری کے بعد مزید دو سینئر رہنماء ایف آئی اے کے گھیرے میں آگئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے ن لیگ کے سینیٹر پرویز رشید اور سیکرٹری اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کو انکوائری کیلئے طلب کرلیا ہے۔ سینیٹر پرویز رشید اور عظمیٰ بخاری کو30 دسمبر کو طلب کیا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ سینیٹر پرویز رشید اورعظمیٰ بخاری کوجج ارشد ملک ویڈیواسکینڈل کیس میں طلب کیا گیا ہے۔واضح رہے نیب راولپنڈ ی نے آج مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کو بھی اسپورٹس سٹی کمپلیکس اسکینڈل میں گرفتار کرلیا ہے۔احسن اقبال کو نیب راولپنڈی نے آج انکوائری کیلئے طلب کیا تھا۔ احسن اقبال نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے روبرو آج پیش ہوئے تھے۔ جہاں پر سوالات کے غیرتسلی بخش جوابات دینے پر نیب ٹیم نے ان کو گرفتار کرلیا ہے۔ نیب نے احسن اقبال کی گرفتاری سے متعلق اسپیکرقومی اسمبلی کو بھی خط لکھ دیا ہے۔ جس میں رکن قومی اسمبلی احسن اقبال کی گرفتار ی سے اسپیکر کو آگاہ کیا گیا ہے۔اعلامیہ نیب میں بتایا گیا ہے کہ احسن اقبال کا آج میڈیکل معائنہ کیا جائے گا، احسن اقبال کو کل احتساب عدالت راولپنڈی میں پیش کیا جائے گا۔ جہاں احسن اقبال کا عدالت سے جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔ احسن اقبال کی گرفتاری کی صدرن لیگ میاں شہباز شریف نے شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی حکومت سیاسی انتقام میں اندھی ہوچکی ہے،جس منصوبے پر شاباش ملنی چاہیے تھی اس میں گرفتار کرلیا گیا، سی پیک اور پاک چین دوستی کو مضبوط بنانے والے کی گرفتاری افسوسناک ہے، نیب نیازی گٹھ جوڑ سے گھبرا کر سچ بولنے سے باز نہیں آئیں گے۔