لاہور : سابق کپتان محمد حفیظ کا کہنا کہ ٹیم میں تبدیلیوں سے بہتری نہیں آئی جبکہ مصباح الحق سمیت نئی انتظامیہ بری طرح ناکام ہوگئی۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ میں تبدیلیاں لانے سے بہتری نہیں آئی،بورڈ کو بہتر حکمت عملی بنانی چا ہئے تاکہ نتائج بہتر آئیں۔ محمد حفیظ نے کہا کہ مصباح الحق بطور ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر ابھی تک ناکام ہیں،مصباح الحق ایک اچھے انسان ہیں اور ایک اچھے کپتان تھے ،امید کرتا ہوں کہ وہ بہتر طریقے سے کم بیک کریں گے ، آسٹریلیا کی سیریز سے مصباح الحق نے بہت کچھ سیکھا ہوگا،جب وہ واپس آئیں گے تو ان میں تبدیلی نظر آئے گی۔ محمد حفیظ نے کہا کہ آسٹریلیا کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم ناکام ہوگئی لیکن کچھ کھلاڑیوں کی کارکردگی بہت اچھی رہی ،امید ہے کہ دوسرے ٹیسٹ میچ کم بیک کرتے ہوئے قومی پلیئر ز اپنے آپ کو منوالیں گے۔پاکستان اور آسٹریلیا جمعے کے روز ڈے نائٹ ٹیسٹ میں آمنے سامنے ہوں گے اور یہ مقابلہ پاکستان وقت کے مطابق صبح 8بج کر30منٹ پر شروع ہوگا۔