حویلیاں (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ طاقتور اور کمزور کے لیے الگ قانون کا تاثر ختم کرے۔ہزارہ موٹروے حویلیاں مانسہرہ سیکشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ موجودہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ اور آئندہ چیف جسٹس گلزار احمد سے گزارش کرتا ہوں کہ انصاف کے لیے کردار ادا کریں، طاقتور لوگ فیصلے لکھواتے رہیں، ملک کو ان چیزوں سے آزاد کرائیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دونوں عظیم ججزسے قوم کی طرف سے کہتا ہوں اس تاثر کو ٹھیک کریں۔ چاہتا ہوں کہ قانون کو ٹھیک کرنا چاہیے، چاہتا ہوں کہ کمزور سے کمزور آدمی بھی طاقتور کے سامنے کھڑا ہو تو
اسے یقین ہو اسے انصاف ملے گا۔ حکومت مدد کرنے کے لیے تیار ہیں، پیسہ جتنا بھی ہو ہم دینگے۔ انصاف کے معاملے پر عدلیہ نے عوام کا اعتماد بحال کرنا ہے۔ بریف کیس کے ذریعے ملک کے چیف جسٹس کو انہوں نے فارغ کرا دیا ہے۔ حضرت علیؑ کا قول ہے کہ کفر کا نظام چل جائے گا مگر نا انصافی کا نہیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ کنٹینر کے اوپر جو سرکس ہوئی اس پر بات کرنا ضروری سمجھتا ہوں، دھرنے کے ایکسپرٹ پی ٹی آئی والے ہیں۔ میں نے پہلے دن سے کہا تھا کہ یہ ایک ماہ گزار کر دکھائیں تو مان جاؤں گا۔ ہم نے 126 دن گزارے تھے۔ کابینہ میں لوگوں کو سمجھایا جاتا تھا کہ فکر نہ کرو میں دھرنے کے بارے میں جانتا ہوں، اس کے لیے کوئی مقصد ہوتا ہے کوئی نظریہ ہوتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مدرسوں کے بچوں کے حوالے سے ہم ذمہ داریاں لیں گے، جے یو آئی (ف) کے دھرنے کے بارے میں جب بچوں سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہ اسلام خطرے میں ہیں، کسی کو پتہ نہیں تھا کہ آئے کیوں ہیں، مجھے تکلیف ہے کہ بارش ہوئی بچے باہر بیٹھے ہیں، گرم کپڑے لیکر کنٹینر میں مولانا فضل الرحمن باہر بیٹھے ہوئے ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پیسوں کے لیے دین کو بیچنا بہت بڑا گناہ ہے، ایک آدمی خود کو مولانا کہہ رہا ہے، ڈیزل کے پرمٹ پر بکنے والا ہے، کشمیر کمیٹی کے چیئر مین شپ پر بکنے والا وہ اسلام کے نام پر بچوں کو ورغلا رہا تھا۔ میں ان سے کوئی انتقام نہیں لینا، ان کی بہتر آخرت کے لیے دعا گو ہوں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف دھرنے کے دوران کنٹینرز پر کھڑے ہوئے تھے، جو منڈیلا بنے ہوئے تھے، نواز شریف کے معاملے پر عدالتی فیصلہ تسلیم کرتے ہیں، شہباز شریف کہتے ہیں میرے بھائی کو کچھ ہوا تو
عمران خان ذمہ دار ہوں گا، جو قیدی جیلوں میں مرے کسی نے ان کے بیوی، بچوں سے پوچھا؟ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی طبیعت زیادہ خراب تھی، میں نے زر ضمانت کے لیے 7 ارب روپے مانگے تھے، یہ ان کے لیے بہت معمولی چیز تھی یہ اتنا تو ٹپ دے سکتے ہیں، اس پر ان لوگوں نے ڈرامے شروع کر دیئے، شہباز شریف نے بالی ووڈ کی ایکٹنگ کرنا شروع کر دی۔ کہتے میں اپنےبھائی کی گارنٹی دیتا ہوں، میں کہنا چاہتا ہوں کہ پہلے اپنے بیٹے، داماد کی گواہی دیں۔ میاں نواز شریف کے دونوں بیٹے بھاگے ہوئے ہیں۔ اسحق ڈار بھی باہر بھاگے ہوئے ہیں ان کی گارنٹی دے گا، میں یہ بھی کہنا چاہتا ہوں کہ آپ
(شہبازشریف) کی گارنٹی کون دے گا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ کنٹینر پر پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے، ان کی تھیوری سے دنیا کے سائنسدان گھبرا گئے ہیں، طنزاً انہوں نے کہا کہ جب بارش ہوتی تو پانی آتا ہے، جب زیادہ بارش ہوتی ہے تو زیادہ پانی آتا ہے، میں حیران یہ خود کو لبرل کہتا ہے۔ کنٹینر پر دوسرے بیروز گار بھی موجود تھے۔ جن کو ڈر تھا کہ کرپشن میں پکڑے جائیں گے وہ کنٹینر میں موجود تھے، ن لیگ والوں کو جدھر پیسہ ملتا ہے ادھر چلے جاتے ہیں، جہادیوں کی طرف سے پیسہ ملتا ہے وہاں چلے جاتے ہیں، لبرل والوں سے ملتے ہیں اُدھر چلے جاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں 100 دن سے زائد ہو گئے وہاں ظلم ہو رہا ہے، ہم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے نہیں ہوں گے وہ کون کھڑا ہو گا، پاکستان میں سارا میڈیا جے یو آئی (ف) کے دھرنے کی طرف لگا ہوا تھا، اپوزیشن کی ایک کوشش تھی کہ یہ سب لوگ پریشر ڈال کر کسی نہ کسی طرح کرپشن کیس سے پیچھے ہٹ جائیں۔