لاہور (نیوز ڈیسک) جمیعت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ق لیگ کی حکومتی اتحادی ہونے کی پرانی پوزیشن برقرار نہیں رہی، پرویز الہیٰ ہمارے موقف کے قائل ہوکر گئے ہیں، پرویز الہیٰ سے یا ان کے ذریعے کوئی ڈیل اورکوئی مفاہمت نہیں ہوئی۔ انہوں نے نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ق لیگ کی حکومت کے اتحادی ہونے کی پرانی پوزیشن برقرار نہیں رہی ، پرویز الہیٰ ہمارے موقف کے قائل ہوکر گئے ہیں۔پرویز الہیٰ سے یا ان کے ذریعے کوئی ڈیل اورکوئی مفاہمت نہیں ہوئی ،میں اس کی پرزورتردید کرتا ہوں۔ پرویز الہیٰ مفاہمت کے جذبے سے آئے تھے ، انہوں نے کچھ لے
کرجانے کی بات اپنی پوزیشن سے کی۔ دوسری جانب اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ حکومت میں شامل اتحادیوں میں اختلاف پیدا کرنے کی کوئی سازشی تھیوری کامیاب نہیں ہوگی اور ایسا کرنے والے ناکام رہیں گے، ہم حکومتی اتحادی ہیں اور رہیں گے انشاء اللہ کوئی غلط فہمی پیدا نہیں کر سکتا۔انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ سیاسی حقیقتوں کو سامنے رکھتے ہوئے ہم نے ہمیشہ درست بات کی ہے اور دھرنوں کے دوران بھی ٹکراؤ روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے جبکہ نوازشریف کے معاملے پر بھی جو کہا وہ وزیراعظم عمران خان کے فائدے کیلئے کہا۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ ملک کو سیاسی انتشار سے بچانے کیلئے دھرنے کے دوران مولانا فضل الرحمن سے رابطے کیے تھے جو درست ثابت ہوئے اور دھرنوں میں امن و امان برقرار رکھنے کا کریڈٹ وزیراعظم عمران خان اور وزیرداخلہ اعجاز شاہ کو جاتا ہے۔اسی طرح اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے گزشتہ روز بھی نجی ٹی وی کے ساتھ خصوصی گفتگو میں کہا کہ مولانا کا دھرنا پرامن طور پر ختم ہونا بہتر ہے، ملک بھر کی تاجرتنظیموں اور مزدوروں نے مولانا کا ساتھ دیا۔مولانا کے ساتھ جو چیزیں طے ہوئیں وہ بتانے والی نہیں۔ مولانا کے ساتھ انڈراسٹینڈنگ تحریری نہیں باہمی اعتماد کی ہے۔مولانا کے ساتھ پلان سی پر انڈراسٹینڈنگ بتانے والی نہیں۔ پنجاب میں اس وقت بہت زیادہ مسائل ہیں، پنجاب میں ہم پی ٹی آئی کی بھرپور مدد کررہے ہیں۔