اسلام آباد (ویب ڈیسک) مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے اعتراف کیا معیشت درست سمت میں گامزن ہے ، وزیراعظم عمران خان اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے ۔ ایک ٹویٹ میں مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ پہلی سہ ماہی کے جائزہ مذکرات مکمل ہوگئے ، پہلی سہ ماہی کے دوران اہداف حاصل کرنے میں کامیاب رہے ۔ آئی ایم ایف نے پاکستان کی معاشی صورت حال کا جائزہ لیا، پاکستان میں پہلے جائزے کا اختتام مثبت نوٹ پر ہوا، عالمی ادارے نے ملکی معیشت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
آئی ایم ایف نے حکومت کو مقررہ ٹیکس ہدف حاصل کرنے سمیت حکومت کی جاری گارنٹی کو محدود رکھنے کا کہا ہے، عالمی مالیاتی ادارے نے پاکستان کو گردشی قرضوں کا معاملہ حل کرنے پر زور دیا، جبکہ حکومت نے آئی ایم ایف سے کوئی چھوٹ نہیں مانگی۔ آئی ایم ایف سے دوسری قسط کا اجرا دسمبر میں متوقع ہے، دوسری قسط کی مد میں 45کروڑ ڈالر ملیں گے۔خیال رہے کہ آئی ایم ایف پاکستان کے اقدامات کی تعریف کرچکا ہے۔ دوسری جانب 28 اکتوبر کو ایشیائی ترقیاتی بینک (ایڈی بی) نے پاکستان کے لیے7کروڑ 50لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دی ہے، قرض کی رقم سیکنڈری تعلیم کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے دی جائے گی۔ عالمی مالیاتی ادارے( آئی ایم ایف ) اور پاکستان کے درمیان پہلے جائزے کا اختتام مثبت نوٹ پر ہوا، آئی ایم ایف سے دوسری قسط کا اجرا دسمبر میں متوقع ہے۔