Tuesday June 17, 2025

شاہد خاقان عباسی بھی رہا ہو رہے ہیں؟ پروڈکشن آرڈر کیلئے لاہورہائیکورٹ سے رجوع کرلیا

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پروڈکشن آرڈر کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا، انہوں نے درخواست میں مئوقف اپنایا کہ اسپیکرقومی اسمبلی کو متعدد بار پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی درخواست کی، عدالت پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا حکم دے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے پروڈکشن آرڈرجاری کرنے کے لئے لاہورہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔

شاہد خاقان نے رانا مشہود ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کی۔ درخواست میں اسپیکرقومی اسمبلی، نیب، وفاقی و صوبائی حکومت کوفریق بنایا گیا ہے۔ اسپیکرقومی اسمبلی کو متعدد بار پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی درخواست کی۔ لیکن شاہد خاقان کی درخواست پراسپیکر نے پروڈکشن آرڈرجاری نہ کرنے کا حکم دیا۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا حکم دیا جائے۔ دوسری جانب اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ہرنیا کا آپریشن کر دیا گیا۔ ایل این جی کیس میں گرفتار شاہد خاقان عباسی کو گزشتہ 4 سال سے ہرنیا کی تکلیف تھی اور انہیں 4 نومبر کو اسلام آباد کے نجی اسپتال میں منتقل کیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی کے ہرنیا کا آپریشن کر دیا گیا ہے اور انہیں ہوش میں آنے میں مزید 3 سے 4 گھنٹے لگیں گے۔

شاہد خاقان عباسی کو آپریشن کے بعد کم از کم 7 دن تک ہسپتال رکھا جائے گا اور میڈیکل بورڈ نے شاہد خاقان عباسی کے ہسپتال میں مزید قیام سے متعلق حکومت کو آگاہ کر دیا تھا۔ مزید برآں وزارت پٹرولیم کے ذیلی اداروں اور کمپنیوں کے ممبرز بورڈ کو معطل کر دیا گیا ہے اور ان کیخلاف وسیع پیمانے پر تحقیقات کا حکم بھی دے دیا گیا ہے۔ ان اعلیٰ افسران کو وزیراعظم عمران خان کے حکم پر ہٹایا گیا ہے۔