دادو: پی ایس 86 دادو ضمنی الیکشن، پیپلز پارٹی نے تحریک انصاف کو شکست دے دی، غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی پی امیدوار سید صالح شاہ نے 44 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کیے، جبکہ پی ٹی آئی امیدوار امدادعلی لغاری 25 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کر سکے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ میں دادو کے انتخابی حلقے پی ایس 86 کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیرسرکاری نتائج سامنے آگئے ہیں۔
موصول ہونے والے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کے امیدوارسید صالح شاہ 44 ہزار سے زائد ووٹوں کے ساتھ آگے ہیں۔ جبکہ مدمقابل تحریک انصاف کے انتخابی امیدوارامداد علی لغاری نے 25 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کیے ہیں۔ ان نتائج کے بع دپیپلز پارٹی کے کارکنوں نے جشن منانے کا آغاز کر دیا ہے۔
اس سے قبل پولنگ کا عمل جمعرات کو صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک جاری رہا۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے واجح کہا تھا کہ پولنگ کا دورانیہ نہیں بڑھایا جائے گا البتہ وہ تمام ووٹرز جو احاطہ پولنگ سٹیشن کے اندر ہوں گے ان کو قانون کے مطابق 5 بجے کے بعد بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کی اجازت ہو گی۔ دوسری جانب پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ متعدد شکایتوں اور احتجاج کے باوجود الیکشن کمیشن نے پھر پی ایس 86 کے ضمنی انتخابات میں فوج کو تعینات کردیا۔ ٹویٹر پراپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ فوج کو پی ایس 86 کے پولنگ اسٹیشنوں کے اندر اور باہر تعینات کیا گیا۔ گزشتہ عام انتخابات میں جب پہلی بار فوج کی پولنگ اسٹیشنوں میں تعیناتی ہوئی تو پیپلز پارٹی نے احتجاج کیا تھا۔ پولنگ اسٹیشنوں میں تعیناتی کے غیرضروری اقدامات فوج کو متنازعہ بناتے ہیں۔