اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے خراب موسم کے پیش نظر دھرنے کے شرکاء کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے کو فوری طور پر دھرنے کے مقام کے دورے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ چیئرمین سی ڈی اے بارش کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیں۔وزیراعظم عمران خان نے دھرنے کے شرکاء کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ موسم کی تبدیلی اور بارش کے پیش نظر شرکاء کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ ۔ دوسری جانب گذشتہ شب ہونے والی بارش نے مارچ کے شرکا کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔کئی افراد پنڈال سے جا چکے ہیں۔ جبکہ آزادی مارچ کے شرکا کے پاس
گرم ملبوسات نہیں جس کے سبب نزلے زکام جیسی بیماریاں پھیلنے لگی ہیں۔شرکاء نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مزید کنٹینر لگائے جائیں تاکہ وہ آسانی سے سے ان میں رہائش اختیار کر سکیں۔ قبل ازیں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے آزادی مارچ کے انتظار میں پل پر کھڑے ہوئے 6 افراد نیچے گر گئے تھے جن میں سے 2 کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔ مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں اپوزیشن جماعتوں کا آزادی مارچ راولپنڈی سے گزر کر اسلام آباد میں داخل ہوا تھا جب راولپنڈی میں کھنہ پل پر آزادی مارچ کے انتظار میں کھڑے ہوئے 6 افراد نیچے گرنے کے باعث شدید زخمی ہوگئے تھے۔خیال رہے کہ آزادی مارچ میں شریک دو مزید شہری جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد آزادی مارچ میں ہلاکتوں کی تعداد تین ہو گئی ہے جبکہ سینکڑوں افراد بیمار ہو گئے ہیں۔