اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی ضمانت منظوری کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) چودھری شوگر ملز کیس میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر کی ضمانت منظوری کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرے گی۔ یاد رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی ضمانت منظور ہوئی۔لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس باقر علی نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی چودھری شوگر ملز کیس میں درخواست ضمانت پر فیصلہ سنایا۔ جس میں بتایا گیا کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی ضمانت منظور ہو گئی۔ عدالت نے مریم نواز کو ایک ایک کروڑ روپے کے دو مچلکے بھی جمع کروانے کا حکم دیا۔عدالت نے مریم نواز کا پاسپورٹ جمع کروانے کا حکم دیتے
ہوئے انہیں فوری طور پر رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا۔عدالت نے مریم نواز کو ڈپٹی رجسٹرار لاہو رہائی کورٹ کو پاسپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ پاسپورٹ جمع نہ کروانے کی صورت میں 7 کروڑ روپے زرضمانت جمع کرنا ہو گا۔ عدالت نے کہا ملزمہ پر 2 ارب منی لانڈرنگ کا الزام لگایا گیا، نصیر عبداللہ لوتھا نے شیئرز کیلئے رقم بھیجی، چودھری شوگر ملز کو نامزد نہیں کیا گیا تھا، چودھری شوگر ملز کے اکاؤنٹس استعمال ہوتے رہے، پاناما پیپرز میں چودھری شوگر ملز مرکزی مدعا نہیں رہا۔یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے 31 اکتوبر کو مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے کیس کی سماعت یکم نومبر تک ملتوی کی تھی جس کے بعد یکم نومبر کو کیس کی تاریخ میں 4 نومبر بروز پیر (یعنی آج ) تک کی توسیع کر دی گئی تھی ۔