Monday November 25, 2024

راجن پور پٹرولنگ پولیس کی بڑی کامیابی،رواں سال داتا درباردھماکے میں شہید سمجھے جانے والے بچے کو والدین سے ملوا دیا

راجن پور: داتا دربار دھماکے میں لاپتہ ہونے والا بچہ راجن پور سے مل گیا، ٹوبہ ٹیک سنگھ کا 13 سالہ بچہ مئی2019ء میں دھماکے کے دوران لاپتا ہوا تھا، والدین کیلئے بچے کو زندہ دیکھ کرخوشی کی انتہا نہ رہی۔ پٹرولنک پولیس جنوبی پنجاب میڈیا سیل کے مطابق راجن پورپٹرولنگ پولیس کی بڑی کامیابی ہے کہ داتا دربار دھماکے میں لاپتہ ہونے والا بچہ راجن پور سے مل گیا۔

پٹرولنگ پولیس راجن پور دورانِ گشت بچہ ملا ۔جس کے بعد بچے کی مدد سے والدین تک رسائی ملی۔ بچے کی اطلاع ملتے ہی والدین لاہور سے راجن پور پہنچے۔
جہاں بچہ ان کے حوالے کیا گیا۔ بچہ زندہ مل جانے پر والدین کی خوشی دیدنی تھی۔ بچے کے والد کی لاہور میں داتا دربار کے قریب دکان ہے جہاں سے بچہ لاپتہ ہوا۔اس موقع پر چوکی انچارج پٹرولنگ راجن پور سید رضوان عزیز نے ’’اردو پوائنٹ‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بچہ کا ملنا اور اس کو اس کے والدین تک پہنچانا ہماری ٹیم کی ایک بڑی کامیابی ہے، اور میں اس کامیابی پر اپنی پوری ٹیم اور ضلعی افسران کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ راجن پور میں پٹرولنگ پولیس پہلے دن سے امن و امان اور لوگوں کے مدد کے لیے کوشاں ہے اور ایسے ہی اپنی خدمات انجام دیتی رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایس پی پیٹرولنگ ڈی جی خان ملک طاہر مصطفی اور ڈی ایس پی ثناء اللہ مستوئی کی ہدایت پر موثر گشت ڈیوٹی کی جا رہی ہے۔ میری ٹیم کی کاوش سے یہ بچہ ان کے والدین تک پہنچ گیا ہے۔ یاد رہے کہ رواں سال مئی میں داتا دربار کے باہر خودکش حملے میں 10 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ دھماکے میں ایلیٹ فورس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ ایلیٹ فورس کی گاڑی داتا دربارکے گیٹ نمبر دو کے قریب کھڑی تھی۔دھماکے سے ایلیٹ فورس کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

FOLLOW US