Wednesday February 26, 2025

مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کا اسلام آباد میں پڑاو، کتنے آدمی ہیں؟ خفیہ اداروں کی رپورٹ سامنے آگئی

اسلام آباد: مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کا اسلام آباد میں پڑاو، کتنے آدمی ہیں؟، خفیہ اداروں اور آزاد ذرائع کی رپورٹ کے مطابق جے یو آئی ف کے جلسے کے شرکاء کی تعداد 40 سے 50 ہزار کے درمیان ہے۔ تفصیلات کے مطابق جے یو آئی ف کا آزادی مارچ گزشتہ روز اسلام آباد پہنچ گیا تھا جس کے بعد آج بروز جمعہ کو اپوزیشن جماعتوں نے باقاعدہ جلسہ کیا۔ جلسے میں موجود لوگوں کی تعداد کے حوالے سے مختلف دعوے کیے جا رہے ہیں۔ جلسے کے شرکاء کی تعداد کے حوالے سے خفیہ اداروں اور آزاد ذرائع کی رپورٹ سامنے آئی ہے۔ خفیہ اداروں اور آزاد ذرائع کی رپورٹ کے مطابق مولانا فضل الرحمان کے اسلام آباد پہنچنے والے آزادی مارچ میں جمعہ کے روز تک دعووں کے برعکس لوگوں کی تعداد کم ہے۔ جے یو آئی ف دعویٰ کر رہی ہے کہ جلسے میں لاکھوں لوگ شریک ہیں۔

تاہم خفیہ اداروں اور آزاد ذرائع کی رپورٹ کے مطابق مولانا فضل الرحمان کے جلسے میں شریک لوگوں کی تعداد 40 سے 50 ہزار کے درمیان ہے۔ دوسری جانب جلسے میں موجود سینئر صحافی حامد میر کی جانب سے لوگوں کی تعداد کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہاں بڑی تعداد میں لوگ موجود ہیں۔ سینئر صحافی حامد میر نے اردو پوائنٹ کے نمائندہ خصوصی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی ف کے جلسے میں موجود لوگوں کی اصل تعداد کا اندازہ لگانا مشکل ہے۔
حامد میر کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے جلسے میں موجود لوگوں کو دیکھ کر یہا کہا جا سکتا ہے کہ یہاں لاتعداد لوگ موجود ہیں۔ واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان کا آزادی مارچ اس وقت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے پشاور موڑ پر پڑاو ڈالے ہوئے ہے۔ جے یو آئی ف اور حکومت کے درمیان معاہدے کے مطابق مارچ پشاور موڑ کے علاقے میں ہی قیام کرے گا۔ اگر مارچ کو مذکورہ علاقے سے آگے لے کر جانے کی کوشش کی گئی تو یہ معاہدے کی خلاف ورزی ہوگی اور سیکورٹی فورسز فوری حرکت میں آئیں گی۔