اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان نے بی جے پی سے فنڈنگ لی ہے، بی جے پی کی فنڈنگ کا ثبوت جلد قوم کے سامنے آجائے گا، عمران نیازی تم نے غیرملکی پیسوں سے اس ملک کے مستقبل کو تباہ کیا ہے۔ ہم تمہیں پاکستان کو مزید تباہ نہیں کرنے دیں گے۔ انہوں نے آج یہاں آزادی مارچ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس لیے پیچھے رہ گئے کہ ووٹ کو عزت نہیں دی گئی۔
ووٹ کو کبھی بوٹو ں کے نیچے روندا گیا، اور کبھی عدالتی فیصلے سے باہر کردیا گیا۔ جب تک یہ فیصلہ نہیں ہوگا کہ اس ملک کے 22 کروڑ عوام اس ملک کے مزارعے ہیں یا مالک ہیں، ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ ہمیں اس قوم کو مضبوط قوم بنانا ہے۔ ملک کو کامیاب معیشت بناناہے، غربت اور بے روزگاری کو ختم کرنا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ یہ غیرملکی فنڈنگ سے پاکستانی معیشت کو تباہ کرنے آیا ہے۔ یہ ہم سے حساب مانگتا ہے، ہم اس سے حساب مانگتے ہیں کہ فارن فنڈنگ کا حساب دو، عمران خان نے بی جے پی سے فنڈنگ لی ہے، بی جے پی کی فنڈنگ کا ثبوت جلد قوم کے سامنے آجائے گا،عمران نیازی تم نے غیرملکی پیسوں سے اس ملک کے مستقبل کو تباہ کیا ہے۔ ہم تمہیں پاکستان کو مزید تباہ نہیں کرنے دیں گے، اب پوری قوم کا ایک ہی نعرہ ہے کہ اس ملک میں نئے انتخابات کروائے جائیں۔
تاکہ پاکستان کے عوام کو آزاد شفاف انتخابات کے ذریعے اپنے نمائندے منتخب کرنے کا موقع ملے۔ انہوں نے کہا کہ ہم قومی اداروں کی عزت بحال کرنا چاہتے ہیں یہ قومی ادارے پوری قوم کے ہیں۔ یہ قومی ادارے پی ٹی آئی یا عمران نیازی کے نہیں ہیں۔ہم چاہتے ہیں کہ ملک مضبوط ہو، ترقی کرے، اور یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھے۔اس کا ایک ہی راستہ ہے ہم سب نے ملکر اس بے شرم، نالائق اور اناڑی حکومت کو گھر بھیجنا ہے اور پاکستان میں عوام کی حکومت لے کرآنی ہے۔