لاڑکانہ : پی ایس 11 لاڑکانہ ضمنی الیکشن، پیپلز پارٹی پر ہوم گراونڈ میں شکست کے بادل منڈلانے لگے، اب تک موصول ہونے والے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار کو برتری حاصل، پیپلز پارٹی کے امیدوار اور کارکنوں نے ضلعی الیکشن کمیشن دفتر کے باہر دھرنا دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ میں ضمنی انتخاب پی ایس 11 کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔
ابتدائی نتائج میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کو برتری حاصل تھی، تاہم اب موصول ہونے والے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں تحریک انصاف کی حمایت یافتہ جی ڈی اے کے امیدوار کو برتری حاصل ہوگئی ہے۔ ان نتائج کے بعد پیپلز پارٹی پر ہوم گراونڈ میں شکست کے بادل منڈلانے لگے ہیں۔ جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار جمیل سومرو نے بھی دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی نتائج تبدیل کر کے انہیں شکست دلوانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ جمیل سومرو نے اپنے کارکنان کے ہمراہ ضلعی الیکشن کمیشن دفتر کے باہر دھرنا بھی دے دیا ہے۔ دوسری جانب پی ایس 11کے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں اب تک موصول ہونے والے غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کے جمیل سومرو 12 ہزار سے زائد ووٹ لے کرمدمقابل امیدوار سے پیچھے ہیں جبکہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے امیدوار معظم عباسی 13 ہزار 800 ووٹ لے کر آگے ہیں۔ ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے سے 5 بجے تک جاری رہا۔پی ایس گیارہ میں کل 138پولنگ اسٹیشن بنائے گئے۔ جن میں 20 پولنگ اسٹیشنز انہتائی حساس، 50 حساس اور 68 کو نامل قرار دیا گیا ہے تمام انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے۔ ضمنی انتخابات کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں تمام پولنگ اسٹیشنز پر اندر اور باہر رینجرز اور پولیس بھی تعینات کی گئی۔
پی ایس 11 پر رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 152614 ہے جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 83016 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 69598 ہے۔ مزید برآں آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے پولیس کوہدایات جاری کیں کہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ 11 لاڑکانہ کی نشست پر ہونیوالے ضمنی الیکشن کے موقع پرسیکیورٹی کے مجموعی اقدامات کو انتہائی ٹھوس اور غیر معمولی بنایا جائے۔انہوں نے ڈی آئی جی لاڑکانہ کو ہدایات دیں کہ سیکیورٹی کے مجموعی اقدامات کی بذات خود مانیٹرنگ کو یقینی بناتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کیجانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پرعمل درآمدکو تمام اسٹیک ہولڈرزکے اعتماد اور تعاون سے ممکن بنایا جائے تاکہ غیرجانبدارانہ اورشفاف الیکشن کے انعقاد کویقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے مزید ہدایات جاری کیں کہ تمام پولنگ اسٹیشنوں اورباالخصوص ممکنہ حساس پولنگ اسٹیشنوں پراضافی نفری کی تعیناتیوں سمیت اطراف اوراندرونی حصوں میں کلیئرنس کے علاوہ ایڈوانس انٹیلی جینس کلیکشن، رینڈم اسنیپ چیکنگ، گشت پکٹنگ، ریکی، نگرانی کے عمل کوبھی یقینی بنایا جائے۔