اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئےسینئرصحافی و تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا خیال تھا کہ مولانا کو طاقت سے کُچلا جائے۔ مولانا فضل الرحمان سے مذاکرات کے لیے کمیٹی بنانے کے معاملے پر کافی دیر بحث بھی ہوتی رہی۔ وزیراعظم عمران خان مولانا فضل الرحمان سے ہمیشہ ہی نالاں رہے ہیں۔دیگر اداروں نے وزیراعظم عمران خان کو رپورٹس دی تھیں کہ مولانا بہت بڑا مجمع اسلام آباد لا سکتے ہیں اور حقیقت میں امن و امان کا مسئلہ بن سکتا ہے۔ اس کے باوجود وزیراعظم عمران خان اس بات پر بضد تھے کہ مولانا کو زورِ بازو سے کُچلا جائے۔ جب تمام رپورٹس ملیں تو کابینہ نے اس پر بات کی تو پھر خیبرپختونخواہ حکومت نے کہا کہ مولانا کو روکنا ہمارے بس میں نہیں ہے۔مولانا کے ساتھ آنے والے لوگوں کو طاقت سے روکنا رسک ہے کیونکہ اس سے انارکی پھیلنے کا
خدشہ ہے۔ اس کے بعد اہم ادارے کے لوگوں نے وزیراعظم سے رابطہ کیا ۔ عارف حمید بھٹی نے کہا کہ حکومت کا خیال تھا کہ مولانا کچھ نہیں کر سکیں گے۔ جب آئی بی نے رپورٹ دی کہ مولانا کے ساتھ لوگ مہنگائی کی وجہ سے شامل ہو جائیں گے ، وزیراعظم عمران خان کو کابینہ کے بھی کچھ لوگوں نے مجبور کیا کہ طاقت کی بجائے مذاکرات سے بات چیت کی جائے ۔یاد رہے کہ گذشتہ روز حکومت نے جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے مذاکرات کرنے کا باقاعدہ فیصلہ کرتے ہوئے کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔ کمیٹی اپوزیشن کے مطالبات پر مذاکرات کرے گی۔خیال رہے کہ جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کے خلاف آزادی مارچ اور دھرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ یہ آزادی مارچ 27 اکتوبر کو کراچی سے شروع ہو گا۔