اسلام آبا د(نیوز ڈیسک)وزیراعظم عمران خا ن نے کہا ہے کہ ٹیم اچھی نہ ملنے سے کارکردگی متاثر ہو رہی ہے،ٹیم کے اکثر لوگ ذاتی ایجنڈے پر ہیں اور گروپس بنانے میں لگے ہوئے ہیں، وزارت اطلاعات درست طریقے سے کارکردگی کی تشہیر نہیں کرتی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کورکمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پارٹی رہنماؤں کی کارکردگی پر غصے کا اظہار کیا اور دوٹوک کہا کہ وزارت اطلاعات درست طریقے سے کارکردگی کی تشہیر نہیں کرتی۔شیریں مزاری نے کہا کہ صرف وزارت اطلاعات نہیں وزیر کا بھی کہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ لوگوں کو بتائیں لوٹ مار سے درست معیشت کی طرف
جانے میں مشکلات ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے ٹیم اچھی نہیں ملی، جس کی وجہ سے کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔ٹیم کے اکثر لوگ ذاتی ایجنڈے پر ہیں اور گروپس بنانے میں لگے ہوئے ہیں۔اس موقع پر شرکاء نے کہا کہ اب بھی لوگ ریاست کیخلاف کاروائیاں کررہے ہیں۔فضل الرحمان کا ہدف حکومت سے زیادہ اسٹیبلشمنٹ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیاسی معاملات ہم دیکھیں گے انتظامی معاملات وزارت داخلہ اور اسٹیبشلمنٹ دیکھے گی۔ مزید برآں خیبرپختونخواہ حکومت نے ہڑتالی ڈاکٹرزکیخلاف کاروائی کر نے کیلئے لسٹ تیار کرلی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے وزیرصحت ہشام انعام اللہ کو کاروائی کیلئے گرین سگنل دے دیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ حکومت نے ہڑتال کرنے والے ڈاکٹرز کی لسٹیں بھی تیار کرلی ہیں جس کے تحت ابتدائی طور پر 50 ہڑتالی ڈاکٹرز کو شوکاز نوٹس جاری کیے جائیں گے۔ دوسری جانب مریضوں کے لواحیقن نے مطالبہ کیا ہے کہ خیبر پختونخوا کی سرکاری ہسپتالوں کے ہڑتالی ڈاکٹروں اور ملازمین کے خلاف کارروائی کی جائے، یہ لوگ آئے روز ہڑتالیں کر کے مریضوں کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔یہ لوگ مسیحا کے روپ میں درندگی پر اتر آئے ہیں، ایسے درندوں کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔ ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد سمیت دیگر ہسپتالوں میں مشکلات کو سامنا کرنے والے لوگوں نے کہا کہ یہ لوگ ذاتی مفادات کی جنگ لڑ رہے ہیں، سرکاری ہسپتالوں و دیگر صحت کے مراکز بند کر کے عوام کو اذیت دینے والوں کے خلاف فوری سخت ایکشن لیا جائے۔