Monday February 24, 2025

آخری آپشن فوج۔۔۔ حکومت نے مولانا فضل الرحمان کو روکنے کا منصوبہ تیار کر لیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ آزادی مارچ کو روکنے کی پہلی ذمہ داری صوبوں کی ہے، اسلام آباد آئیں تو پھر ہم دیکھیں گے۔جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے ممکنہ لاک ڈاؤن بارے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ اس بارے میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ کا بیان تو آپ نے سنا ہی ہوگا، ریڈ زون کی بات کی جائے تو یہاں دفعہ 144 نافذ ہے، ادھر کسی کو داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے بتایا کہ پہلے تو پولیس ہی مارچ کو ریڈ زون میں داخلے سے روکے گی، آخری آپشن فوج ہوگی۔

انہوں نے واضح کیا کہ جو بھی قانون ہاتھ میں لے گا، اسے قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور اپوزیشن کے آزادی مارچ روکنے کیلئے حکمت عملی پر غور کیا جا رہاہے، علاقائی سلامتی، مسئلہ کشمیر اور افغانستان کی صورتحال پر بھی بات کی جائے گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت نے اپوزیشن کے احتجاجی دھرنے سے نپٹنے کیلئے تیاری شروع کردی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت دھرنے والوں سے مذاکرات کے ذریعے بھی معاملات حل کرنے کی کوشش کرے گی۔ انتشار پھیلانے کی صورت میں گرفتاریاں اور سختی سے بھی پیش آیا جائے گا۔بتایا گیا ہے وزیراعظم عمران خان نے پارٹی ترجمانوں کا اجلاس بلایا ہے، جس میں اپوزیشن کی احتجاجی تحریک کو ناکام بنانے اور دھرنے والوں کو روکنے کی حکمت عملی بنائی جائے گی۔جبکہ پارٹی ترجمانوں کو ہدایت کی جائے گی کہ عوام کو دھرنے والوں کے مذموم مقاصد سے آگاہ کیا جائے۔ مزید برآں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعون نے کہا ہے کہکئی سیاسی چیلنجز کے باوجود حکومت سمجھتی ہے کہ سیاسی محاذ پر کوئی بھی ایسا چیلنج نہیں جو اس کے لئے باعث پریشانی ہو۔ نجی ٹیلی ویژن پر گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں تتربتر ہیں اورایک دوسرے کے ساتھ سیاست اور منافقت کر رہی ہیں۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت کو کوئی ایسا سیاسی چیلنج درپیش نہیں جو حکومت کے لئے باعث پریشانی ہو۔ وزیر اعظم عمران خان آج بھی مقبول ترین رہنما ہیں اور عوام کے مفاد کے لئے قومی بیانیہ کو آگے لانے کے لئے سیاسی محاذ پر ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ وزیر اعظم کے وژن کے مطابق معیشت کو درست سمت پر ڈال دیا گیا ہے جس کے باعث معیشت کے مضبوط ہونے کے آثار نظر آ رہے ہیں، درآمدات میں کمی اور برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت منگائی پر قابو بانے کی کوشش کر رہی ہے اور اس کے مثبت اثرات عوام کو منتقل کئے جارہے ہیں۔